شہباز شریف نواز شریف کیلئے کیا چاہتے ہیں ؟ شیخ رشید نے بتادیا


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے پیپلزپارٹی اور ن لیگ دونوں پارٹیوں میں مزاحمت اور مفاہمت کی لڑائیاں جاری ہیں، یہ لوگ صرف کیمرے کی سیاست کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف ہی آنا ہے، وہ کوشش کر رہے ہیں کہ نواز شریف کو ڈائریکٹ جیل نہ جانا پڑے۔

شیخ رشید کہا کہ ان کو مشورہ دوں گا پاکستان کی سیاست میں نئی سوچ آنے لگی ہے، عمران خان کہیں نہیں جارہے بلکہ وہ تمہاری سوچ سے زیادہ بڑی سیاست کرنے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھاکہ نوازشریف کوواپس لاسکتا ہوں نہ ہی الطاف حسین کو، شہبازشریف نے ای سی ایل سے نام نکالنے کی کوئی درخواست نہیں دی۔

انھوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بھی کرپٹ لوگوں کے خلاف جھاڑو پھیر دیں گے، کرپٹ لوگوں کو جیل کی ہوا کھلائی ہے لیکن عدالتی فیصلوں کی وجہ سے انہیں اندر نہیں کرسکے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ کل پورے ملک میں یوم استحصال کشمیر منایا جائے گا، اور صبح نو بجے ایک منٹ کیلئے ٹریفک روکی جائے گی، مقصد کشمیریوں کے استحصال کے خلاف آواز اٹھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے کے حالات تیزی سے بدل رہے ہیں، پاکستان کے خلاف ہائبرڈ وار شروع کردی گئی ہے، آنے والے پانچ سے چھ ماہ بہت اہم ہیں، وزیراعظم نے شاہ محمودقریشی کی زیرصدارت ایک کمیٹی بنادی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا اس وقت پاکستان میں جو بھی دہشتگردی ہو رہی ہے اس کا ذمہ دار ہٹلر مودی ہے، بھارت نے فیٹف سے ایک روز قبل لاہور میں دھماکے کروائے، فیٹف میں پاکستان کا کیس لڑ رہے ہیں۔

Comments are closed.