بھارت کا فیٹف میں پاکستان کے خلاف سازش کرنے کا اعتراف
اسلام آباد(ویب ڈیسک) بھارت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) میں پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کرلیا ہے بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہماری کوششوں کے باعث پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جے شنکر نے کہا کہ پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں رکھنا مودی حکومت نے یقینی بنایا، بھارتی کوششوں کے باعث ہی پاکستان گرے لسٹ میں ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈروں کے روبرو اپنی حکومت کی کارکردگی گنواتے ہوئے پاکستان کے خلاف سازش کا اعتراف کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے سرے عام بھارت کی سازش کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوششوں کے باعث پاکستان گرے لسٹ میں ہے، یوں پوری دنیا پر واضح ہو گیا ہے کہ فیٹف میں پاکستان کے خلاف بھارت نے سازش کی بے۔
جے شنکرکا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات قائم کرنےکی کوشش کی ہے تاہم اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ دہشت گردی کو ایک عالمی مسئلے کے طور پر دیکھا جائے۔
جے شنکر نے دعویٰ کیا کہ ہم پاکستان پر دباؤ ڈالنے میں کامیاب رہے اور اسی وجہ سے پاکستان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے، گذشتہ ماہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ورچوئل پریس کانفرنس میں ایف اے ٹی ایف کے صدر ڈاکٹر مارکس پلیئرنے کہا تھاکہ ہم تمام ممالک کو برابر سمجھتے ہیں، پاکستان کو تمام 27 اہداف حاصل کیے بغیر گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا سکتا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسی وقت پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر ایف اے ٹی ایف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا ہو گا کہ اس فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال نہیں کیا جارہا؟
شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ میری نظر میں ایسی صورتحال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رہنے اور رکھنے کی کوئی گنجائش نہیں بنتی، بعض قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ پاکستان کے سر پر تلوار لٹکتی رہے۔
Comments are closed.