کوہستان بس حادثہ پر چین اور پاکستان کا موقف سامنے آگیا


بیجنگ ( ویب ڈیسک )چین نے کوہستان میں بس حادثہ کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان نے چینی شہریوں، کمپنیوں، پروجیکٹس اور اداروں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لیجیان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران حادثے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان سے بس حادثے میں چینی شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیں چینی شہریوں، کمپنیوں، پروجیکٹس اور اداروں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،ترجمان نے کہا کہ پاکستان پر زور دیا کہ منصوبوں کی حفاظت کے لیے مجرمان کو سخت سے سخت سزا دیں۔

دوسری طرف پاکستان میں قائم چینی سفارت خانے نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین اور زخمیوں سے اظہار تعزیت کی اور کہا کہ اس معاملے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنی پوری کوشش کریں گے۔

چینی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا کہ 14 جولائی کی صبح 7 بجے داسو پاور پراجیکٹ کی بس پردھماکہ ہوا جس میں 9 چینی باشندے اور3 پاکستانی باشندے جاں بحق ہوئے۔

بیان کے مطابق چینی سفارتخانے نے ہنگامی بنیادوں پرپاکستانی وزارت خارجہ وزارت داخلہ سے رابطہ کیا ہے۔ پاکستانی فوج نے فوری طورپرریسکیو آپریشن کیا اور ہیلی کاپٹرکے ذریعہ زخمیوں کو جائے حادثہ سے نکالا، حوالے سے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

ادھر دفترخارجہ کے وضاحتی بیان میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں چینی کارکنوں کو لے جانے والی بس مکینیکل خرابی کے بعد کھائی میں گر گئی، حادثے کے نتیجے میں گیس کا رساؤ ہوا جس سے دھماکا ہوا، اور المناک واقعے میں 9 چینی باشندوں سمیت13 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ چینی کارکن پاکستانی عملہ کے ہمراہ جاری منصوبے کے لئے کام کی جگہ پر جارہے تھے، مقامی حکام زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہے ہیں، پاکستانی وزارت خارجہ چینی سفارت خانے سے قریبی رابطے میں ہے۔

پاکستان کی حکومت اور عوام نے متاثرہ چینی اور پاکستانی کارکنوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے، ہم زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔

دفتر خارجہ کی طرف سے یہ بھی وضاحت سامنے آئی ہے کہ پاکستان چینی شہریوں ، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

Comments are closed.