صحافیوں میں رات 3 بجے بریکنگ نیوزکا مقابلہ، شعیب اختر بھی شامل


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) گزشتہ رات 3بجے کے قریب اسلام آباد کے صحافیوں میں بارش و ژالہ باری کی خبر دینے کا سوشل میڈیا پر مقابلہ شروع ہوا تو سابق فاسٹ باولر شعیب اختر بھی اس کا حصہ بن گئے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر بھی گزشتہ رات 3بجے کے قریب شروع ہونے والی بارش اور ژالہ باری سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے مقابلہ میں شریک ہو گئے، وفاقی دارالحکومت کے صحافی رات3بجے بھی بارش کی خبر دیئے بغیر سو نہ سکے۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باولرشعیب اختر نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے پارکنگ ایریا میں موجود ہیں تیز آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کے مناظر دکھا رہے ہیں۔

شعیب اختر نے ژالہ باری دیکھ کر کہ آپ دیکھ سکتے ہیں یہاں کس قدر تیز بارش اور ژالہ باری ہورہی ہے، ان کا کہنا تھا میں نے اس سے پہلے کبھی اسلام آباد میں اس طرح کی بارش نہیں دیکھی۔

گمان غالب تھا کہ رات3بجے لوگ سو چکے ہوں گے لیکن بارش شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا پر صحافیوں نے اپنے جاگتے ہونے کے ثبوت کیلئے بارش ہونے کی مختلف طرح سے گواہیا ں دینا شروع کردیں۔

سینئر صحافی محسن رضا نے رات2بجکر 37منٹ پر بارش اور جاگتے ہونے کی خبر دی، ادھر ایک اور سینئر صحافی ناصر بیگ چغتائی نے اسلام آباد میں بارش کا سٹیٹس اپ ڈیٹ کرتے ہوئے لکھا اب کراچی اور لاہور پر گرمی اسمگل کرنے کا الزام نہ لگانا۔

بیدار مغز اور ہر وقت چوکس رہنے والے سینئر صحافی سبوخ سید نے رات3بجکر15منٹ پر بارش شروع ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بارش نے تو ، تراہ ،نکال دیاہے۔

ہر پل نئی خبر لئے حاضر رہنے والے رپورٹر فہیم اختر کہاں خاموش رہ سکتے تھے ۔ بو لے ،اسلام آباد راولپنڈی میں تیز بارش اور اولے بجلی کی شدید گرج اور چمک ساتھ تیز رفتار آندھی۔۔ یا اللہ خیر۔

سینئر رپورٹر بلال ڈار نے بارش شروع ہونے کے ساتھ ہی بتایا کہ وہ بھی جاگ رہے ہیں۔ ایک خاتون رپورٹر مونا خان نے گرج چمک سے ڈرتے ڈرتے کمرے کے اندر سے ہی باہر بارش کا منظر دکھانا چاہا لیکن ناکام رہیں۔

https://twitter.com/mona_qau/status/1403831878914695171?s=19

واضح رہے کہ گزشتہ رات وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ لاہور، شکرگڑھ، سیالکوٹ، سوات اور آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔

Comments are closed.