کورونا ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ بند


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)کورونا ویکسی نیشن کی جہاں ایک طرف مہم جاری ہے وہاں دوسری طرف اعلان کیا گیاہے کہ جو سرکاری ملازمین کورونا کی ویکسین نہیں لگوائیں گے ان کی تنخواہ بند کردی جائے گی۔

یہ اعلان وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کیاہے اور کہا ہے کہ کورونا بچاوکی ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

اس سے قبل کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کی جولائی سے تنخواہیں روکنے کی ہدایت کردی۔

ٹاسک فورس اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بریفنگ دی اور بتایا کہ باہر سے آنے والے 26 ہزار 812 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے،جن میں سے 55 کیسز مثبت آئے ہیں۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر کاظم جتوئی نے بتایا کہ 29 مئی کو 4 مسافروں میں انڈین ویرینٹ کی تشخیص ہوئی،چاروں مسافروں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، یکم جون کو 12 اعشاریہ 45 فیصد اور 2 جون کو کراچی میں 11 اعشاریہ 77 فیصد مثبت کیسز تھے۔

ڈاکٹر کاظم جتوئی کاکہنا تھا کہ 27 مئی سے 2 جون تک کراچی شرقی میں 21 فیصد نئے کیسز اور 20 اموات ہوئیں، وسطی میں 12 فیصد کیسز آئے اور 15 اموات ہوئیں،جنوبی میں 9 فیصد ، غربی میں 8 فیصد کیسز آئے اور 7 اموات ہوئیں۔

انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ گزشتہ 30 دنوں میں سندھ میں 392 اموات ہوئی ہیں جن میں سے 238 مریض ویٹی لیٹرز پر تھے تاہم حفاظتی اقدامات سے کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے۔

Comments are closed.