علمائے کرام شہریوں کو ویکسین لگوانے کیلئے راغب کریں، صدر مملکت


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کورونا ویکسین پر شہریوں کو آمادہ کرنے کیلئے علمائے کرام کو کردار ادا کرنے پر زور دیاہے۔

صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علماء و مشائخ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام جمعہ 4 جون کو مساجد میں نمازِ جمعہ کے موقع پر عوام کو کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے لیے خصوصی ترغیب دیں۔

عارف علوی کی صدرت میں ملک بھر سے مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی جس میں ملکی صورتحال اور خاص کر کورونا وائرس کے حوالے بھی گفتگو کی گئی۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ مساجد کے منبر اور محراب عوام کی تدریس کے لیے اہمیت رکھتے ہیں،انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران میڈیا، حکومت اور علماء نے مل کر کام کیا۔

صدر مملکت نے گزشتہ کچھ عرصہ سے ملک میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے اس کیلئے علمائے کرام کے کردار کی تعریف کی ۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر علمائے کرام نے کورونا وائرس سمیت دیگر معاملات پر حکومت کو مفید مشورے دیئے جس پر صدر مملکت ان کے تجاویز حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

Comments are closed.