پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 23ارب ڈالرز سے بڑھ گئے


کراچی( ویب ڈیسک) گزشتہ ہفتے 8.8 کروڑڈالر اضافے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 23 ارب ڈالرز سے زیادہ ہو گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 15ارب 86 کروڑ ڈالر جب کہ کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر7 ارب 15 کروڑ ڈالر سے بڑھ گئے ہیں۔اسی طرح پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں بھی شیئرز کی خریدو فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہواہے۔

گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل چوتھے روز تیزی کا رجحان برقرار رہا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں کسی ایک دن میں کاروبار کا یہ سب سے بڑا حجم تھا۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شیئرز کی خریدو فروخت کا نیا ریکارڈ قائم ہوا اور2 ارب سے زائد شیئرز کی خریدو فروخت کی گئی۔جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس مزید511.65 پوائنٹس کے اضافے سے 46812.31 پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔

مجموعی طور پر67.13 فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت85 ارب 36 کروڑ19 لاکھ روپے بڑھ گئی جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم ایک ارب 56 کروڑ 33 لاکھ 60 ہزار شیئرز رہا ۔

قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے یونی لیور فوڈز کے حصص 927.04روپے کے اضافے سے 16599 روپے اوروائتھ پاک138.26روپے کے اضافے سے 1981.84روپے ہوگئی۔

Comments are closed.