تربیلا ڈیم ڈیڈلیول کی طرف گامزن، ارسا نے وارننگ جاری کردی


اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)ارسا نے ملک میں پانی کی کمی حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے اور وارننگ دی گئی ہے کہ تربیلا ڈیم اگلے 24 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گا۔

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم اگلے 24 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ سکتا ہے، دریاؤں میں پانی کل کے مقابلے میں 18 ہزار 800 کیوسک مزید کم ہوگیا ہے۔

ترجمان ارسا کے مطابق دریاؤں میں پانی کل کے مقابلے میں 18 ہزار 800 کیوسک کم ہونے سے آئندہ دنوں میں صوبوں کے پانی کے حصے میں کمی آسکتی ہے۔

ترجمان ارسا خالد رانا کے مطابق ارسا نے پانی کی صورت حال کا جائزہ لیا جس میں دیکھا گیا کہ دریاؤں میں پانی کل کے مقابلے میں مزید 18,800 کیو سک کم ہو گیا ہے ۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بھی محسوس کیا گیا ہے کہ تربیلا ڈیم اگلے 24سے 48 گھنٹے میں اپنے ڈیڈ لیول پر پہنچ سکتا ہے، ارساسمجھتا ہے کہ آنے والے دنوں میں صوبوں کے پانی کے حصہ میں کمی آ سکتی ہے۔

دریائے سندھ میں پانی کی قلت بڑھنے لگی ہے اور سکھر بیراج انتظامیہ نے کاشت کاروں کو یکم جون تک چاول کی فصل کاشت نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی قلت 39 فیصد اور سکھر بیراج پر 36 فیصد ہے۔

تربیلا اور منگلا میں پانی کی آمد سے زیادہ اخراج جاری ہے جبکہ منگلا سے سندھ کو 8000 کیوسک پانی کی فراہمی بڑھا دی گئی ہے۔اخراج 50 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 58 ہزار کیوسک کر دیا گیا۔

ارسا نے پنجاب سے تعاون کی درخواست بھی کی کہ اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ پنجاب کا محکمہ آبپاشی اپنے فیلڈ اسٹاف کو آگاہ کر دے، منگلا سے پانی کا اخراج بڑھانے سے تربیلا پر بوجھ کم ہوجائے گا۔

27 مئی تک پنجند سے نیچے کم ازکم 5 ہزار کیوسک پانی جانے دیا جائے،ارسا نے گزشتہ روز بھی ملک بھر میں پانی کے ذخیرے سے متعلق خبردار کیا تھا،ارسا ترجمان خالد رانا کے مطابق ملک بھر کے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ 7 سے 8 روز کا رہ گیا ہے۔

خالد رانا کے مطابق ڈیموں میں 10 لاکھ ایکڑ فٹ سے زیادہ پانی موجود ہے جو سات سے آٹھ روز کے لیے کافی ہے،پانی کی دستیابی سے متعلق صورتحال 3 سے چار روز میں واضح ہو گی ۔

Comments are closed.