وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کا آئی ایس آئی سیکرٹریٹ کا دورہ
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزرا کے ہمراہ آئی ایس آئی سیکریٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے وزیراعظم جب وزرا کے ساتھ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز پہنچے تو ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ان کا استقبال کیا۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں اعلی قومی اور عسکری قیادت کو علاقائی اور ملکی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجر کے خلاف آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر اطلاعات و نشریات فواد احمد چوہدری اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی تھے۔
چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور چیف آف ایئر سٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر بھی آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
Comments are closed.