کئی شہروں میں 6 جون تک اسکول بند، باقی 24 مئی کو کھلیں گے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) کورونا وائرس کے باعث اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں اسکول 6 جون تک بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے.
یہ اعلان وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے کیا گیا ہے، کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور،کوئٹہ اور مظفرآباد سمیت دیگر شہروں میں اسکول بند رکھے گئے ہیں.
اس سے قبل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز کی طرف سے مزید بندش کے خدشات کے باعث 23 مئی سے تعلیمی ادارے نہ کھلنے پر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا.
وزارت تعلیم کا کہنا ہےکہ فیصل آباد،گجرات اور ملتان سمیت پنجاب کے 20، حیدرآباد، سکھر سمیت سندھ کے 12 جب کہ سوات اور صوابی سمیت خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع کے اسکول اب 6 جون کو کھلیں گے۔
مختلف شہروں میں اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہونے پر کیا گیا جب کہ 5 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں اسکول 24 مئی سے کھلیں گے۔
حکومت نے ایک بار پھر اسکول بندرکھنے کے اعلان کے باوجود اسکولوں میں فیسوں کی ادائیگی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، تعلیمی سال میں بغیر پڑھائی توسیع کے باوجود اسکول فیسیں وصول کر رہے ہیں.
محکمہ تعلیم پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں 24 مئی سے 16 اضلاع میں کورونا ایس اوپیز کی پابندی کے ساتھ تمام سرکاری اور نجی اسکول کھل جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ان اضلاع میں بہاولنگر، چکوال، چنیوٹ، حافظ آباد، جھنگ، جہلم، قصور، منڈی بہاوالدین، ننکانہ صاحب، نارووال، پاکپتن، راجن پور، ساہیوال، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور وہاڑی شامل ہیں جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں اسکولز بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ ان اضلاع میں ہفتے میں 4 روز اسکول کھلیں گے اور ایک طالب علم 2 روزکےلیے اسکول آئے گا۔
Comments are closed.