مسلہ کشمیر و فلسطین حل کئے بغیر دیر پا امن قائم نہیں ہوسکتا، شاہ محمود
نیویارک( ویب ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر کا حل تلاش نہ کیا گیا تو دیرپا امن دستیاب نہیں ہوگا۔
نیویارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی مثبت قدم ہے مگریہ ناکافی ہے ہمیں مسلے کے حل کی طرف بڑھنا ہو گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیراور فلسطین کے مسلوں کے حل نکال کرہی ہم دیر پا امن قائم کرسکتے ہیں اس کے بغیر امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوتا نظر نہیں آرہا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جادو کی چھڑی کسی کے پاس نہیں، ہمیں حل کی طرف بڑھنا ناگزیر ہے تاکہ بار بار اٹھتے ہوئے تنازعہ ہر بار امن خراب نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سی این این کو انٹرویو میں بھی کہا تھا کہ غزہ پر شدید حملوں کے باوجود اسرائیل میڈیا کی جنگ ہار رہا ہے، عوامی رائے کا دباو بڑھ رہا ہے۔
اس انٹرویو کے دوران خاتون میزبان نے اسرائیل کے خلاف بولے جملے کو بار بار متنازعہ بنانے کیلئے اسے یہودیوں کے خلاف قرار دیا لیکن شاہ محمود نے اس پراپیگنڈا کوآگے نہ چلنے دیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں تباہی کی وڈیوز، تصاویر اور مناظر دیکھ کر دنیا کی آنکھیں کھل رہی ہیں، امریکہ ، برطانیہ ، اسٹریلیا سمیت دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی سے خطاب کریں گے،یورپین پارلیمنٹ کی خارجہ امور کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ تبادلہ خیال 26 مئی بروز بدھ کو ہوگا۔
اس اجلاس میں وزیر خارجہ آن لائن شریک ہونگے۔ اجلاس میں فارن افئیرز کمیٹی کے علاوہ یورپین پارلیمنٹ کی کمیٹی آن ڈیولپمنٹ اور ڈیلیگیشن فار ریلیشنز ود افغانستان کے ارکان بھی شریک ہونگے۔
اجلاس میں دونوں فریقین کے درمیان ریجنل اور بین الاقوامی تعلقات کے حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے علاوہ ممبران کا موقف بھی سنیں گے۔
Comments are closed.