اسرائیلی فوج کی جنگ بندی کے بعد دوبارہ شیلنگ ، گولیاں، متعدد زخمی
فوٹو : الجزیرہ
غزہ ( ویب ڈیسک )اسرائیلی فوجیوں نے جنگ بندی کے بعد ایک بار پھر مسجد الاقصیٰ سے محلقہ صحن میں فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسانا شروع کردیا، متعدد فلسطینی زخمی ہو گئے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق نماز جمعہ کے بعد فلسطینی جنگ بندی پر خوشی کااظہار کررہے تھے جو کہ اسرائیلی فورسز سے نہ دیکھا گیا اور انھوں نے ان پر شیلنگ شروع کردی۔
شیلنگ اور گولیاں لگنے سے متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے اس دوران کئی افراد کو حراست میں لئے جانے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ قریبی بستی کو محاصرے لے لیا.
عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی اہلکاروں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں فائر کیں، اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے باعث بھگدڑ مچ گئی۔
https://twitter.com/AJEnglish/status/1395724814258688003?s=19رپورٹس کے مطابق اس دوران اسرائیلی اہلکاروں نے صحافیوں پر بھی تشدد کیا ،مسجد الاقصیٰ میں ہزاروں نمازی جمعہ کے بعد جنگ بندی پر خوشی منا رہے تھے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی کے بعد حماس نے جیت کا اعلان کیا تھا، جس پر غزہ میں جشن منایا گیا تاہم اسرائیلی فوجیوں سے یہ مناظر دیکھے نہ گئے ۔
واضح رہے کہ رات گئے مصر اور امریکہ کی کوششوں سے فریقین میں غیر مشروط جنگ بندی پر اتفاق ہوا جس پر حماس نے رات دو بجے جب کہ اسرائیل نے الصبح4بجے عمل درآمد شروع کیا۔
جنگ بندی کے بعد سے ابھی تک کوئی فضائی حملہ نہیں ہوا تاہم مقبوضہ بیت المقدس میں موجود اسرائیلی فوجیوں نے اشتعال میں آ کر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔
11 دن حملے اور خونریزی کے بعد اسرائیل اور حماس میں جنگ بندی ہوئی ، اسرائیلی حملوں میں 232 فلسطینی شہید اور 1900سے زائد زخمی ہوئے جبکہ حماس کے حملوں میں 12 اسرائیلی بھی مارے گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی قیادت کی ذمیداری ہے جنگ کے بنیادی اسباب پر غور کے لیے بات چیت کریں۔
Comments are closed.