جہانگیر ترین کے حامیوں نے اسمبلیوں میں اپنے گروپ لیڈرز بنا لئے
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے اپنے سیاسی موقف کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اسمبلیوں میں گروپ لیڈرز چن لئے.
جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہونے والے سیاسی اجتماع میں یہ اہم فیصلہ ہوا جس کی بعد میں نعمان لنگڑیال نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی.
جہانگیر ترین گروپ کے اجتماع میں پارلیمانی سیاست میں ہم خیال گروپ بنانے کی تجویز سامنے آنے پر اسے عملی شکل دینے پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں پارلیمانی لیڈر بھی مقرر کرسکتا ہے، اس صورت میں قومی اسمبلی راجا ریاض پارلیمانی لیڈر ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی میں جہانگیر ترین گروپ کا پارلیمانی لیڈر سعید اکبر نوانی کو چنا گیا اس موقع پر ذرائع کے مطابق وہاں موجود ارکان سے حلف بھی لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رکن پنجاب اسمبلی سلمان نعیم اور عون چوہدری نے غیر رسمی گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے جبکہ صوبائی وزیر ملک نعمان لنگڑیاں نے میڈیا سے گفتگو کی.
ملک نعمان لنگڑیاں نے کہا کہ کل جہانگیر ترین کی پیشی ہے اس حوالے سے آج عشائیے کا اہتمام تھاحکومت کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم حکومت کے ساتھ ہیں.
انھوں نے کہا کہ بجٹ آرہا ہے ہم کوشش کریں گے، بجٹ عوام دوست ہو، پارٹی میں تنقید اور نشاندہی ہوتی ہے، ہم حکومت کو سپورٹ کریں گے.
ملک نعمان لنگڑیاں نے واضح کیا کہ ہمارا کوئی بھی بیان وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی ہوگا.
نعمان لنگڑیال نے یہ بھی کہا کہ ہمارا گروپ پہلے دن سے جہانگیر ترین کے ساتھ ہے، راجا ریاض اور سعید اکبر نوانی کو گروپ سربراہ بنایا گیا ہے۔
سعید اکبر نوانی پنجاب اسمبلی میں ہماری جانب سے نقطہ نظر پیش کریں گے جہانگیر ترین کے خلاف کیسز میں ان کو نشانہ بنایا گیا، ہم سب کل بھی ترین صاحب کے ساتھ ہوں گے۔
Comments are closed.