نوشہرہ، گھر میں گھس کر 3خواتین سمیت5افراد کو قتل کردیاگیا
نوشہرہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام)نوشہرہ میں رشتہ کے تنازعہ پر مخالفین نے گھر میں گھس کر 3 خواتین سمیت5 افراد کو قتل کردیا۔
قتل کی یہ لرزہ خیز واردات نوشہرہ کے علاقے بانڈہ شیخ اسماعیل میں کی گئی جہاں رشتہ کے تنازعہ پر فائرنگ کرکے پانچ افراد کو قتل کیا گیا جب کہ فائرنگ سے2افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق بانڈہ شیخ اسماعیل کے رہائشی انور علی نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی تھی جس پر لڑکی کے گھر والے ناراض تھے.لڑکے کو قتل کرنے کیلئے ملزمان نے شام کو افطاری کے وقت ان کے گھر پر حملہ کرکے فائرنگ کی۔
فائرنگ سے شادی کرنے والا نوجوان شدید زخمی جبکہ اسکی والدہ ، تین بہنیں اور چچا زاد بھائی موقع پر جاں بحق ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور ملزمان متاثرہ خاندان کے ماموں زاد بیٹے ہیں ۔
پانچ افراد کے قتل کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے،پولیس نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی پبی روشن زیب خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
پولیس نے حملہ آور ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا ہے جبکہ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں لاشوں اور زخمیوں کو لیکر پبی ہسپتال پہنچیں۔
بتایا جاتا ہے کہ پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کے بھائیوں نے رمضان سے قبل تھانہ چمکنی کی حدود میں فائرنگ کرکے لڑکی کو بھی قتل کیا تھا۔
Comments are closed.