ن لیگ کا سیاسی قبلہ تبدیل ہونے لگا، ارکان کی شہبازشریف سے ملاقاتیں
لاہور( ویب ڈیسک ) شہباز شریف کی رہائی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنماوں کا آہستہ آہستہ سیاسی قبلہ تبدیل ہونے لگا ہے اور شہباز شریف سے ملاقاتوں اور رابطوں میں اضافہ ہونے لگاہے۔
گزشتہ رو ز بھی صدر ن لیگ شہباز شریف سے پارٹی رہنماوں اور ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ہے جس میں مہنگائی اور کورونا کی صورتحال کے علاوہ سیاسی معاملات بھی زیر غور آئے۔
شہباز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں خرم دستگیر، چوہدری برجیس طاہر، ملک پرویز، شائستہ پرویز، علی پرویز، عرفان ڈوگر، ناصر بوسال، نثار چیمہ، عبدالرحمٰن کانجو، عائشہ غوث اور چوہدری نورالحسن شامل تھے۔
ذرائع کا کہناہے کہ شہباز شریف اور پارٹی رہنماوں کے درمیان مجموعی ملکی صورتحال، بڑھتی مہنگائی اور کورونا لہر میں شدید اضافہ پر بات چیت کی ہے لیکن ساتھ ساتھ شہباز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار بھی دیکھنے میں آیا۔
ٓذرائع کے مطابق شہبازشریف کی جیل میں موجودگی کے دوران مریم نواز کی شکل میں ایک ریموٹ تھا جس کا کنٹرول لندن سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے ہاتھ میں تھا۔
ذرائع کا کہناہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ شہباز شریف بھی وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی مخالفت جاری رکھیں گے تاہم شہباز شریف یہ کام اپنے مزاج اور پالیسی کے مطابق کریں گے۔
Comments are closed.