ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا نہیں کیاگیا، فیاض چوہان
لاہور( ویب ڈیسک) پنجاب کے وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے سعد رضوی کی رہائی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض میڈیا ہاوسز سعد رضوی کی رہائی کی غلط خبر دے رہے ہیں ابھی تک سعد حسین رضوی کی رہائی عمل میں نہیں آئی ہے ۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سعد رضوی کی رہائی مکمل پروسیجر کرنے کے بعد عمل میں لائی جاسکے گی، تاہم انھوں نے بھی رہائی کے فیصلے کی تردید نہیں کی ہے بلکہ کہا ہے رہائی کیلئے ضروری کارروائی کرنا ہوتی ہے۔
اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مولانا سعد رضوی کو رہا کردیاگیاہے تاہم اب یہ اطلاع بھی ہے کہ ٹی ایل پی نے پہلے کارکنوں کی رہائی ممکن بنانے کا مطالبہ کیاہے۔
واضح رہے کہ حکومتی ٹیم اور کالعدم قرار دی گئی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے درمیان کشیدگی کو ختم کرنے اور امن وامان کی فضاء قائم کرنے کے حوالے سے مذاکرات ہوئے ہیں ۔
یہ مذاکرات کوٹ لکھپت جیل میں سربراہ ٹی ایل پی سعد رضوی کے ساتھ کیے گئے۔ مذاکرات میں حکومت کی جانب سے وزیرداخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر مذہبی امور، گورنر پنجاب چوہدری سرور ، وزیر قانون پنجاب راجا بشارت شریک ہوئے۔
ذرائع کاکہناہے کہ چوک یتیم خانہ میں مولانا سعد حسین رضوی کا رفقاء سے مشاورت کے بعد کا رکنوں سے خطاب متوقع ہیں جس میں وہ حکومت کے ساتھ ہونے والی مفاہمت سے انھیں آگاہ کریں گے۔
حکومت نے آج ہی فرانسیسی سفیر کو ملک سے واپس بھیجنے کی قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی اس حوالے سے وزیر داخلہ نے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔
۔
Comments are closed.