سعودی کجھور کورونا پابندیوں کے باوجود دستیاب، پی آئی اے کا بڑا اعلان
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب کی کھجوریں کورونا وائرس کی پابندیوں کے باوجود آپ کے گھر اور دکان تک پہنچ سکتی ہیں اس کیلئے آپ کو بس آرڈرکرنا ہے۔
گزشتہ سال کی طرح اب کی بار بھی کورونا وبا کے باعث آپ خود یا آپ کا کوئی رشتہ دار رواں سال عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب نہیں گیا اور وہاں کی خاص کھجوریں ابھی تک آپ کے افطار دسترخوان کی زینت نہیں بنی ہیں۔
ایسے میں پاکستان کی قومی ایئرلائن نے کھجوروں کے شوقین افراد اور رمضان المبارک میں کجھور کی ضروریات پوری کرنے کاراستہ نکال لیاہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اب اپنی کارگو خدمات کے ذریعے پاکستان میں مدینہ کی کھجوریں آرڈر پر فراہم کرے گی،اس مقصد کے لیے قومی ایئر لائن نے عام شہریوں اور کھجوریں درآمد کرنے والوں کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے پی آئی اے نے خصوصی رعایتی نرخ متعارف کرائے ہیں تاکہ لوگ گھر بیٹھے مدینہ کی کھجوریں حاصل کر سکیں، قومی ایئر لائن کے ٹوئٹر اکاوئنٹ کے زریعے یہ اعلان کیاگیاہے۔
پی آئی اے نے اعلان کیا ہے کہ مدینہ کارگو آفس کال کرکے آرڈر بک کروایا جا سکتا ہے،سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے گھروں میں کھجوریں بھجوا سکتے ہیں۔
سعودی عرب نے کورونا وبا کی وجہ سے بیرون ملک سے پروازوں کا سلسلہ بند کر رکھا ہے جس کی وجہ سے پاکستان سے بھی پروازیں بند ہیں۔ عام مسافروں کے ساتھ ساتھ عمرہ کے خواہش مند افراد بھی سعودی عرب نہیں جا سکتے۔
ان پابندیوں کے باوجوداس دوران سعودی عرب سے پروازوں کی واپسی جاری ہے جبکہ کارگو سروس پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
Comments are closed.