بابراعظم نے ایک روزہ کرکٹ میں ویرات کوہلی کی حکمرانی ختم کردی
اسلام آباد( سپورٹس ڈیسک) پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ونڈے سیریز میں28پوائنٹس حاصل کرکے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی جگہ عالمی رینکنگ کی پہلی پوزیشن سنبھال لی۔
بابر اعظم کوجنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے تین میچوں میں 228 رنز بنانے پر مجموعی طور پر 28 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہوئے اس دوران ان کے پانچ پوائنٹ 31کی اننگز کھیلنے پر کم بھی ہوئے اگر وہ بھی شامل ہو جاتے یہ تعداد33ہوتی۔
جنوبی افریقہ کے خلاف میچز سے قبل بابراعظم اور ویرات کوہلی کے درمیان 20پوائنٹس کا فرق تھا جو کہ بابراعظم کی بیرون ملک بہترین کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف ختم ہوا بلکہ انھوں نے سبقت بھی حاصل کرلی۔
واضح رہے ویرات کوہلی اکتوبر 2017 سے اسی رینک پر موجود تھے تاہم اب تینو ں فارمیٹ میں بھارتی کپتان کا مقابلہ کرنے والے بابراعظم انھیں تینوں فارمیٹ میں پیچھے چھوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ون ڈے انٹرنیشنل کے علاوہ بابراعظم کا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں تیسرا اور ٹیسٹ میں چھٹا نمبر ہے۔ بابر کی طرح ویرات کوہلی بھی دنیا کے وہ واحد بیٹسمین ہیں تینوں فارمیٹ کی عالمی درجہ بندی کے مطابق ابتدائی چھ بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
بابراعظم سے قبل ظہیر عباس نے ورلڈکپ 1983 میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
پھر جاوید میانداد نے ورلڈکپ 1987 میں سری لنکا کے خلاف 103 رنز بناکر یہ اعزاز حاصل کیا تھا،محمد یوسف نے2003میں جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں 60 رنز بناکر آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
پہلی پوزیشن لینے پرکپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابراعظم کا کہنا ہے کہ وہ ظہیر عباس، جاوید میانداد اور محمد یوسف جیسے مایہ ناز کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہونے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔
فخرزمان بھی سیریز میں 8، 193 اور 101 رنز بنانے کی بدولت وہ عالمی درجہ بندی میں انیسویں سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جب کہ شاہین شاہ 11پوزیشن حاصل کرکے پہلے10بہترین باولرز کی فہرست میں شامل ہونے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
Comments are closed.