توقع نہیں تھی کہ وہ باپ کو ، باپ ، بنا لیں گے، فضل الرحمان
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا ہے کہ وضاحت طلب کرنا ہمارا حق تھا، ہمیں توقع ہی نہیں تھی کہ وہ باپ کو ‘باپ’ بنائیں گے۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے پہلے انھیں باپ کو باپ بنانے کا طعنہ دیا پھر پیپلزپارٹی اور اے این پی سے کہا کہ اب بھی موقع ہے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔
مولانا کا کہنا تھا کہ ہمیں بیان بازی میں نہیں الجھنا، یہ ہمارا آخری بیان ہے، پی ڈی ایم اس لیے نہیں بنی کہ عہدوں پرلڑیں،بڑی مشکلیں آئیں،گفتگو اور افہام تفہیم سے راہ نکالی گئی، ان سے توقع ہے کہ بلوغت کا مظاہرہ کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ آئندہ بھی اپنے مفادات دیکھ کر فیصلے نہیں کریں گے، چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین اورسینیٹ میں اپوزیشن لیڈرکے لیے امیدواروں کا تعین اتفاق رائے سے ہوا، اب بھی وقت ہے پی ڈی ایم سے رجوع کریں۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ غیر ضروری طور پر اسے عزت نفس کا مسئلہ بنانا سیاسی تقاضوں کے مطابق نہیں تھا، وہ پی ڈی ایم کا اجلاس بلانے کا مطالبہ بھی کرسکتے تھے یہ کہتے کہ وہاں وضاحت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پاکستان کی سیاست اور جمہوریت عزیز تھی، آج بھی ہم اس فورم کے اُس عظیم مقصد کو مدنظر رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے وضاحت طلبی کے نوٹس کو پھاڑد یا، آخری خبریں آئیں کہ یہ کون ہوتے ہیں ہم سے پوچھنے والے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کی رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پی ڈی ایم کی رفتار اور آگے بڑھنے میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے ،اپنے دوستوں کو واپس لانے کیلئے ہم نے ان کا انتطار کیا، اب بھی کریں گے۔
Comments are closed.