ریپ سے متعلق وزیراعظم کے بیان پر حکومتی ترجمان کی وضاحت
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے ریپ کے حوالے سے بیان پر دنیا بھر میں تبصروں کے بعد حکومتی ترجمان نے اس پر وضاحت جاری کی ہے۔
حکومتی ترجمان نے وزیراعظم عمران خان کے چند دن قبل ریپ کے حوالے سے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہمیں بطور معاشرہ ایک یونٹ کے طور پر جنسی جرائم کے خلاف لڑنا چاہیے۔
ترجمان نے کہا کہ ایک کالر کے سوال پر وزیراعظم کے جواب کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا جس کی وجہ سے یہ غلط فہمی پیدا ہوئی کہ وزیراعظم اصل میں کہنا کیا چاہتے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں جنسی جرائم میں اضافہ ہوا ہے جو کہ وزیراعظم کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے وزیراعظم کا ان گھناؤنے جرائم کے سدباب کاعزم کیا۔
ترجمان کا کہناہے کہ گو کہ سخت قوانین اور قانونی طریقہ کار موجود ہے تاہم ان جرائم میں سزا کی شرح بہت کم ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ متاثرہ خاندان ان واقعات کو رپورٹ کرنے میں شرم محسوس کرتے ہیں۔
نتیجتاً بچوں کے ساتھ زیادتی اور ریپ کے جرائم میں ملوث بہت ہی کم ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاتی ہے،معاشرے کو ایک یونٹ کے طور پر اس لعنت کے خلاف لڑنا چاہیے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اس لیے وزیراعظم کا خیال ہے کہ ان جرائم میں ملوث تمام ملزمان کو پکڑنے کے لیے موثر اپروچ اپنانے کی ضرورت ہے۔
ایک طرف ہمیں عوام میں ایسے جرائم کے خلاف آگاہی میں اضافہ کرنے اور انہیں ان جرائم کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو رپورٹ کرنے کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے تو دوسری طرف اس کے بنیادی اسباب کو دور کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
ترجمان نے کہا مثال کے طور پر قصور میں حکومت نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے علما اور سول سوسائٹی کو شریک کیا اور اس کا کافی فائدہ ہوا۔
Comments are closed.