کورونا وباء سے نمٹنا مشترکہ ذمہ داری ہے، ابرار الحق
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین ابرارالحق نے کہا کہ کورونا وباء کی تیسری لہر انتہائی خطرناک ہے، یہ پہلی دو لہروں سے قدرے زیادہ معتدی اور مہلک ہے جس کی وجہ سے بڑھتے ہوئے کورونا کیسوں نے شعبہ صحت پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔
ہلال ِاحمر نیشنل ہیڈکوارٹرز سے جاری پریس ریلیز میں ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرار الحق نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صحت اور تحفظ کی جاری کردہ ہدایات پر مکمل کار بند رہیں۔
انھوں نے کہا کہ بدقسمتی سے عوامی مقامات پر جانے والے لوگ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کررہے اور اِس طرح یہ وباء مزید پھیل رہی ہے اور اِس کے اثرات خطرناک ہوتے جارہے ہیں۔ حقیقت یہی ہے کہ مذکورہ خطرناک صورتحال کو عوامی تعاون کے بغیر کنٹرول کرنا مشکل ہے۔
ابرار الحق کا کہنا تھا کہ کورونا وباء سے نمٹنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ہر ایک فرد کو اپنا کردار بخوبی نبھانا ہوگا۔ انہوں نے مذہبی سکالرز، علماء کرام، خطباء سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے عوام الناس سے کہیں.
انھوں نے کہا کہ جمعہ کے خطبات میں حکومتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیلئے لوگوں کو کار بند کریں۔ ابرار الحق نے کہا کہ ہلال ِاحمر کورونا کیئر ہسپتال نے بغیر کسی معاوضے لوگوں کی خدمت کی ہے یہاں سے سینکڑوں مریض شفا یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔
سرکاری ہسپتالوں کے بعد ہلالِ احمر کورونا کیئر ہسپتال کو ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ دینا اعزاز کی بات ہے اور گزشتہ چند ہفتوں میں 7ہزار سے زائد لوگوں نے ویکسی نیشن کرائی ہے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ، مذہبی طبقے، سول سوسائٹی اور دیگر مکاتب فکر سے اپیل کی ہے کہ ویکسی نیشن سے متعلق عوام الناس میں آگاہی پھیلائیں کیونکہ ویکسی نیشن ہی عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔
ابرار الحق نے موجودہ وباء کی صورتحال میں ملک بھر میں خون کے عطیات میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی زندگیاں داؤ پر لگی ہوئی ہیں، اِن میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو تھلیسیمیا، ہیموفیلیا، اینیمیا کا شکار ہیں.
تعلیمی ادارے اور صنعتی یونٹس خون کے عطیات کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں لیکن آج کل ان کی بندش سے خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم سخت متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلالِ احمر کے رضاکار اپنے تہی کوشش میں ہیں کہ خون کی ضرورت پوری کی جائے، اِس حوالے سے وہ اپنا خون بھی عطیہ کررہے ہیں۔
ابرار الحق نے اپیل کی ہے کہ لوگ انسانیت، قومی، اخلاقی اور مذہی ذمہ داری کی بجا آوری کیلئے آگے بڑھیں اور مشکل کی اِس گھڑی میں خون کے عطیات دے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسوں میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے.
ہلالِ احمر اِس وباء کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں تمام موومنٹ پارٹنر بالخصوص انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور ECHO کی مالی معاونت کو سراہا.
Comments are closed.