شہباز شریف کی ضمانت منظور، رہا کرنے کا حکم
لاہور( ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے اپوزیشن لیڈر کو 10، 10 لاکھ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ شہباز شریف نے آشیانہ اور رمضان شوگرملز کیس میں عدالت سے رجوع کیا تھا۔
جسٹس ملک شہزاد احمد کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے شہباز شریف کی آشیانہ اقبال سکیم اور رمضان شوگر ملز کیس میں ضمانت پر فیصلہ سنایا۔
عدالت نے فواد حسن فواد کی آشیانہ ہاوٴسنگ سکینڈل میں ضمانت منظور جبکہ اثاثہ جات کیس میں ضمانت مسترد کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے کہا نیب الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت کے مطابق شہباز شریف رمضان شوگر ملز کے کبھی چیف ایگزیکٹو نہیں رہے، نیب کا موقف مان لیا جائے تو کوئی رکن اسمبلی ترقیاتی کام نہیں کرائے گا، ترقیاتی منصوبوں میں منتخب نمائندوں کے ووٹرز تو آئیں گے۔
عدالت نے کہا شوگر ملز کے چیئرمین حمزہ شہباز تھے تو آپ نے شہباز شریف کو کیوں گرفتار کیا ؟ حمزہ شہباز سے متعلق نیب نے کہا کہ ان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں، اصل بینی فشری کے بجائے والد کو گرفتار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
آپ کے مقاصد کچھ اور ہوں گے، شہباز شریف کی ضمانت مسترد کر دیں تو رکن اسمبلی ترقیاتی کام نہیں کرائے گا، حمزہ شہباز تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں، اس لیے گرفتار نہیں کیا۔
ادھر نیب نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا، ہائیکورٹ کا فیصلہ ملتے ہی عدالت عظمیٰ میں اپیل کی جائیگی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے سچ کی ایک بار پھر جیت ہوئی، عدالتوں کے سامنے پیش ہوئے اور ہوتے رہیں گے، اگر ایک پائی کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سیاست سے کنارہ کشی کر لوں گا، خدا کا شکر ہے کہ سچ سامنے ا ٓ گیا ہے۔
Comments are closed.