پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور اے این پی کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے


ااسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے ہیں،حکومتی ارکان سے ووٹ لینے پر پیپلز پارٹی سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔

اپوزیشن کی دونوں سیاسی جماعتوں کو شوکاز نوٹسز پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں،سینیٹ اجلاس سے قبل ٹوٹی ہوئی اپوزیشن کے الگ الگ اجلاس ہوئے۔

سینیٹ اجلاس سے قبل قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے کمرے میں آزاد اپوزیشن کی جماعتوں کا مسلم لیگ ن کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

مسلم لیگ ن، جے یو آئی، پی کے میپ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے سینیٹرز شریک ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی، مشاہد حسین سید، مولانا عبدالغفور حیدری، طاہر بزنجو کے علاوہ مصدق ملک، کامران مرتضی، مولانا عطاالرحمٰن سمیت دیگر شریک تھے۔

بعد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور اے این پی کو شوکازنوٹس جاری کردیے گئے ہیں اور جواب مانگا ہے کہ آپ نے حکومتی جماعت سے ووٹ کیوں حاصل کئے۔

دوسری طرف سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

Comments are closed.