پیپلز پارٹی بے اصولی پر قائم رہی تو ساتھ چلنا مشکل ہوگا


لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سینیٹ کے معاملے پر اپنی غلطی تسلیم کرے، پیپلزپارٹی کی بے اصولی قابل معافی نہیں ہے اس پر سمجھوتہ نہیں کیا سکتا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کا کل کا فیصلہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، حکومت ووٹ چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑی گئی.

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ ووٹ کی عزت کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، ملک میں آئین و قانون کی عملداری نہیں ہے، دھاندلی کا شور مچا کر آگے آنیوالے خود دھاندلی کی پیداوار ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ 20 پریذائیڈنگ آفیسرز کو نوکری سے برخاست کیا جائے، ڈسکہ الیکشن چرانے میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خود ملوث ہیں، ان کو نااہل قرار دیکر سزا دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ووٹ چور، چینی چور، آٹا چور، ادویات چور کیخلاف جدوجہد جاری رکھے گی، پیپلزپارٹی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے جو حمایت حاصل کی وہ غلط ہے.

اگر اپوزیشن لیڈر لانا چاہتی ہے تو مطالبہ پی ڈی ایم اجلاس میں رکھے، پی پی اگر بے اصولی پر قائم رہی تو ساتھ چلنا مشکل ہوگا کیونکہ بے اصولی پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ہے۔

Comments are closed.