فراش ٹاون میں سڑکوں کی کارپٹنگ، ڈاکٹر عامرشہزاد کااظہار اطمینان
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) وفاقی دارالحکومت کے ماڈل ویلیج فراش ٹاون میں سڑکوں کی کارپٹنگ دوبارہ شروع ہو گئی ہے ،جمعہ کو فیز ون اور ٹو کے درمیانی سڑک پر کارپٹنگ کی گئی۔
فراش ٹاون میں چند ماہ قبل تین کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے میں بھی سڑکیں پختہ کی گئیں تھیں تاہم ناقص میٹریل پر مقامی آبادی کے اعتراضات کے بعد اسلام آباد کے ترقیاتی ادارہ نے کام روک دیا تھا۔
فراش ٹاون میں سڑکوں کی کارپٹنگ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کے کورآرڈی نیٹر اور تحریک انصاف کے مقامی رہنما ڈاکٹر عامر شہزاد نے ترقیاتی حکمت عملی پر بات چیت کی۔
زمینی حقائق ڈاٹ کام سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کام کے پیچھے رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کی انتھک محنت شامل ہے جھنوں نے فراش ٹاون میں سڑکوں کی دوبارہ کارپٹنگ کیلئے اہم کردار ادا کیاہے۔
انھوں نے کہا کہ فراش ٹاون کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ پہلے سوئی گیس کے کم پریشر کا مسلہ حل کیا گیا جو کہ گزشتہ دس سال سے حل طلب تھا جب کہ اب سڑکوں کی کارپٹنگ ہو رہی ہے اور جس پر اب مقامی آبادی بھی اطمینان کااظہار کررہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی راجہ خرم نواز کی منصوبہ بندی میں فراش ٹاون میں واٹر سپلائی سکیم اور مالکانہ حقوق دلانے کا دیرینہ مطالبہ پورا کرنا شامل ہے اور اس کیلئے پیپر ورک کیا جارہاہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم کوئی پوائنٹ سکوررنگ نہیں کرنا چاہتے مگر سچ یہ ہے کہ سابق ایم این اے طارق فضل چوہدری تمام تر وسائل رکھنے فراش ٹاون کے لوگوں کے مطالبات کے باوجود یہ کام پینڈنگ چھوڑ کر گئے ہیں اور اپنے دور میں یہاں کوئی کام نہیں کیا۔
ڈاکٹر عامر شہزاد کا کہنا تھا کہ فراش ٹاون میں گرلز ہائی سکول، سٹریٹ لائٹس اور دیگر چھوٹے موٹے کام اور مقامی آبادی کے مسائل کاحل بھی پائپ لائن میں موجود ہے اور انشاء اللہ پی ٹی آئی کے پانچ سال پورے ہونے تک لوگ تبدیلی کا عملی اظہار دیکھیں گے۔
Comments are closed.