پاک بحریہ کی کثیر الملکی بحری مشق ’’امن 2019‘‘ اختتام پذیر
کراچی( ویب ڈیسک )پاک بحریہ کے تحت منعقدہ کثیر الملکی بحری مشق امن 19 اختتام پذیر ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امن مشق میں 46 ممالک نے ”امن کے لیے ایک“ کے عزم کا مظاہرہ کیا جب کہ نیول شپس،ہیلی کاپٹروں، اسپیشل فورسز اور 46 ممالک کے مبصرین نے مشق میں شرکت کی۔
مشق میں شریک ممالک کے ہیلی کاپٹروں اور جہازوں نے فلائی پاسٹ بھی کیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدرمملکت عارف علوی جب پاک بحریہ کے جہاز معاون پرپہنچے تو نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان کا استقبال کیا۔
صدر مملکت،وزیر دفاع،مسلح افواج کی قیادت نے بحیرہ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ کا جائزہ لیا،مہمان خصوصی نے اہداف پر بحری جہاز کی فائرنگ سمیت مختلف آپریشنل مشقیں دیکھیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے بڑے ایونٹ کے انعقاد پر پاک بحریہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن مشق سے خطے میں امن و سلامتی کے پاکستان کے عزم کا اعادہ ہوا،انہوں نے بڑی تعداد میں ہم خیال ممالک کی امن مشق میں شرکت کو سراہا۔
صدر نے کہا کہ امن 19نے مشترکہ کوششوں سے خطے کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے کا راستہ دکھایا،مشترکہ بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لیئے تمام ممالک میں اسٹریٹجک تعاون کی ضرورت ہے۔
امن مشق کے اختتامی سیشن کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سری لنکن نیول چیف اور زمبابوے کے آرمی چیف سے ملاقاتیں بھی ہوئیں۔
Comments are closed.