مسلم لیگ ن نے یوسف رضا گیلانی کو بھی ‘سلیکٹڈ’ قرار دے دیا
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن نے چئیرمین سینیٹ کے بعد اب سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بننے والے یوسف رضا گیلانی کو سلیکٹڈ قرار دے دیا۔
اردو پوائنٹ کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ نے کے رہنما راناء ثناءاللہ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے بعد اب ایوان بالا کے قائد حزب اختلاف بھی سلیکٹڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ساتھ مل کر پاکستان پیپلزپارٹی نے نقصان کا سودا کیا ہے،اپنے اس طرز عمل سے پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کی سیاست کاجنازہ نکال دیا۔
رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایک اور رہنماء سینیٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بی اے پی سے پیپلزپارٹی کا الحاق ہمارے لیے حیران کن ہے ، ہمیں اس قسم کے فیصلے کی امید نہیں تھی.
انھوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے تھا ، اس لیے اپوزیشن لیڈر کے حوالے سے ہونے والے فیصلے پر ہمیں بہت افسوس ہوا ، پی ڈی ایم کے مستقبل کے متعلق آئندہ چند دن میں فیصلہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان بالا میں پیپلز پارٹی کےسینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر ڈکلیئر کیا.
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نےایوان بالا میں قائد حزب اختلاف بننے کیلئے 30 سینیٹرز کے حمایتی دستخطوں کے ساتھ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو درخواست جمع کروائی تھی.
چیئرمین سینیٹ اراکین کے دستخطوں کی تصدیق کے بعد اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ، درخواست جمع کروانے کے موقع پر شیری رحمان، روبینہ خالد سمیت دیگررہنما بھی یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ تھے۔
یوسف رضا گیلانی کو 21 پیپلز پارٹی، 2 اے این پی، ایک جماعت اسلامی، سابق فاٹا کے 2 ارکان، دلاور خان کے آزاد گروپ کے 4 ممبران کی حمایت حاصل تھی.
یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کرنے والوں میں سینیٹرہدایت اللہ ، ہلال الرحمان، مشتاق احمد اور نواب زادہ ارباب عمر فاروق شامل تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کا نوٹیفیکیشن جاری کیا۔
Comments are closed.