ن لیگ کو ایک اور محاذ پر شکست، یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر مقرر
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مسلم لیگ ن کو ایک اور محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈ بننے کانوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے 21 سینیٹرز کے دستخط کے ساتھ درخواست جمع کرائی گئی جب کہ یوسف رضا گیلانی کی درخواست پر 30 سینیٹرز کے دستخط تھے۔
سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے فیصلہ سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے درخواستوں پر ایک ایک سینیٹر سے ان کے دستخط کی تصدیق کی جس کے بعد سینیٹ سیکرٹریٹ نے یوسف رضاگیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
جے یو آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے عمل میں حصہ نہیں لیا اور اس کے سینیٹر نے کسی کو بھی ووٹ نہیں دیے جس کی وجہ سے ن لیگ کے امیدوار کے پانچ ووٹ کم ہوئے۔
یوسف رضا گیلانی نے سینیٹر شیری رحمان کے ہمراہ 30 ارکان کی حمایت کے دستخط کے ساتھ درخواست چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے پاس جمع کرائی تھی جس پر مسلم لیگ ن کے احسن اقبال نے ٹویٹ پر طنز بھی کیا تھا۔
بتایا گیا ہے کہ 2 آزاد ممبران سینیٹ سینیٹر ہدایت اللہ اور سینیٹر ہلال الرحمان نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت میں دستخط کیے تھے، مسلم لیگ ن پی ڈی ایم میں فیصلہ یاد دلانے اور تمام تر کوشش کے باوجود سینیٹ میں اپنا قائد حزب اختلاف مقرر کروانے میں ناکام رہی۔
Comments are closed.