کیا ووٹوں کاانتظام پھر علی حیدر گیلانی کے پاس ہے؟
اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آ ج ہو رہاہے لیکن کسی کو ایوان میں موجود اپنی عددی برتری پر مکمل اعتماد نہیں ہے،یوسف رضاگیلانی کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے ، مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے ان کے سینیٹرز کو فون آرہے ہیں۔
پی ڈی ایم کے دو بڑی جماعتوں کا اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں موقف مختلف ہے یوسف رضا گیلانی پیپلز پارٹی کے رہنما ہیں اور پیپلز پارٹی کو ابھی تک اسٹیبلشمنٹ سے کوئی گلہ نہیں خود یوسف رضاگیلانی کہتے ہیں اسٹیبلشمنٹ تاحال غیر جانبدار ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماوں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا ہے کہ ان کے سینیٹرز کو وٹس اپ پر فونز آئے ہیں جس پر کہا گیا کہ آپ حکومتی امیدوار کو ووٹ دیں۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے گزشتہ انتخاب میں اپوزیشن کے 15 ارکان دوسری طرف چلے گئے تھے، اس بار ہم نے پہلے ہی انتظام کرلیا ہے۔
پہلے انتظام کی بات پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا اس مرتبہ بھی ووٹوں کے انتظام کی ذمہ داری علی حیدر گیلانی کو دی گئی ہے؟ تاہم یوسف رضا گیلانی جواب دینے کی بجائے بات گول کرگئے۔
سینیٹ میں بظاہر اپوزیشن اتحاد کے پاس 51 اور 47 حکومتی حمایتی 47سینیٹرز ہیں تاہم نتائج کا کچھ کہنا قبل از وقت ہے کیونکہ یو سف رضاگیلانی نے جب انتخاب جیتا تو اپوزیشن کے پاس160اور حکومت کے پاس180ووٹ تھے۔
اسلام آبادسے سینیٹ کی نشست جیتنے کے بعد پی ڈی ایم نے ایوان میں حکومت اور اپوزیشن کے فرق کی گنتی میں پڑنے کی بجائے جیت کا جشن منایا تھا تاہم گزشتہ دو دنوں اپوزیشن بتا رہی ہے کہ ان کی سینیٹ میں اکثریت ہے۔
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ چیئرمین سینیٹ کاالیکشن جیت جائیں گے اس سے قبل وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو میں کہا تھا کہ وہ بھی اس بار جیتنے کیلئے ہر حربہ آزمائیں گے۔
سینیٹ الیکشن میں حکومت اپنی عددی برتری پر مطمئن تھی لیکن شکست کھاگئی ان کے جمہوری اور اخلاقی پہلوپر مبنی موقف کو اپوزیشن نے اہمیت دی نہ الیکشن کمیشن نے ، اس لئے امید ہے کہ حکومت بھی جیت کیلئے تگ و دو کرے گی۔
واضح رہے کہ سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا اجلاس صبح 10بجے طلب کیا گیاہے جس میں اپوزیشن اتحاد کے یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن کے صادق سنجرانی چیئرمین کے امیدوار ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین کیلئے اپوزیشن نے عبدالغفور حیدری کو نامزد کیا ہے جب کہ ان مد مقابل حکومتی امیدوار مرزا محمد آفریدی ہیں، اجلاس میں پہلے نومنتخب 48 اراکین سینیٹ حلف اٹھائیں گے۔
Comments are closed.