راولپنڈی، ہلالِ احمر ”کورونا ویکسی نیشن سنٹر“کا ابرار الحق نے افتتاح کیا
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )ہلال احمر کے زیر اہتمام ”کورونا ویکسی نیشن“ سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا، کورونا کیئر ہسپتال کو حکومت نے کورونا ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ دے دیا ہے.
کورونا ویکسی نیشن سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر ابرار الحق نے کہا کہ ہم نے وہ سنگ ِ میل عبور کرلیا ہے، جس کا خواب دیکھا تھا۔ یہ ہلال ِاحمر کے اعزازات میں ایک نئے اعزاز کا اضافہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی شدت کے دوران کورونا کیئر ہسپتال ریکارڈ دنوں میں فعال کیا گیا اور یہاں سے کورونا متاثرہ سیکڑوں افراد شفا یاب ہو کر اپنے اپنے گھروں کو لوٹے ہیں۔ یہاں مفت علاج کی سہولت بہم پہنچائی گئی ہے۔
ابرار الحق نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہلالِ احمر پر اعتماد ہمارے لیے طرہ امتیاز ہے، حکومت نے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کیلئے ویکسی نیشن مہم کا آغاز کردیا ہے اور ان افراد کی واضح کردہ طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن کروائیں۔
حکومت کی جانب سے دی گئی لسٹ پر ویکسین کی جارہی ہے۔ انہوں نے حکومت اور این سی او سی سے درخواست کی کہ جسمانی طور پر معذور افراد کو جاری ویکسی نیشن مہم میں شامل کیا جائے کیونکہ مذکورہ افراد اِس وباء کیخلاف زیادہ کمزوری کے حامل ہیں۔
انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ ویکسی نیشن کے بعد بھی احتیاطی تدابیر کو اختیار کیے رکھیں۔ابرار الحق نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر چہ کورونا وباء کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے.
ہلالِ احمر اپنی پوری قوت، خلوص اور لگن کے ساتھ متاثرہ افراد کی مدد کرے گا اور یہ مدد وباء کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے اِس موقع پر آئی سی آرسی، آئی ایف آرسی اور ای سی ایچ او کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ابرار الحق نے کہا کہ ہلالِ احمر روزِ اوّل سے حکومتی کوششوں اور اقدامات میں بھرپور حصہ ڈال رہا ہے۔ کورونا وباء کے خلاف حکومتی اقدامات کو تقویت بخشے، ثمر آور بنانے کیلئے ہلالِ احمر نے 15 دِنوں کی ریکارڈ مدت میں اِس عمارت کو ایک فعال، متحرک ہسپتال میں بدل دیا تھا۔
یہاں شعبہ انتہائی نگہداشت 15 بستروں پر مشتمل ہے، یہاں 15 وینٹی لیٹرز کی سہولت مہم میسر ہے اور یہاں 80 آکسیجن پوائنٹس موجود ہیں۔کورونا کیئر ہسپتال سٹیٹ آف دی آرٹ علاج گاہ ثابت ہوئی ہے، یہاں کے عملہ نے لگن اور جانفشانی سے اپنا کردار بخوبی نبھایا او رنبھا رہا ہے۔
اِسی لگن اور خلوص کو دیکھتے ہوئے حکومت نے مہر تصدیق ثبت کرتے ہوئے اب اِسے ویکسی نیشن سنٹر کا درجہ دیا ہے یہ ہلالِ احمر کیلئے کسی بھی اعزاز سے کم نہیں۔میں یہ بتاتا چلوں کہ ہلالِ احمر نے محافظ فورس کے تحت متاثرہ گھرانوں کی بھرپور مدد کی۔
کورونا ویکسی نیشن سنٹر کی افتتا حی تقریب میں قائمقام سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز، انٹرنیشنل فیڈریشن کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن، کورونا کیئر ہسپتال کے طبّی عملہ، پیرا میڈیکل سٹاف کے علاوہ ہلال ِاحمر کے افسران اور رضاکار بھی موجود تھے۔
Comments are closed.