سنجرانی کو جتانے کیلئے ہر حربہ استعمال کریں گے،شبلی فراز
اسلام آباد( ویب ڈیسک)وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ اب ہم ، بائی دی بک، نہیں چلیں گے بلکہ سینیٹ انتخابات میں صادق سنجرانی کو جتوانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔
وفاقی وزیرشبلی فراز نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ فٹبال میں دوسری ٹیم کو ہاتھ سے بال روکنے کی اجازت ہو اور ہم صرف پاؤں سے کھیل سکتے ہوں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ اس وقت وزیراعلیٰ پنجاب کی تبدیلی سے متعلق معاملہ زیر بحث نہیں ،عمران خان ٹیم کے کپتان ہیں وہ فیصلہ کریں گے، مولانا صاحب اقتدارسے باہر رہ نہیں سکتے۔
شبلی فراز نے کہا جے یو آئی کے سینیٹر عبدالغفور حیدری کو ڈپٹی چیئرمین بنانے کی باضابطہ پیشکش نہیں کی گئی ، انھوں نے کہا کہ سیاسی ملاقات میں ہوسکتا ہے پرویز خٹک نے بات کی ہو لیکن ایسی کوئی پیشکش نہیں کی نہ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ تو سب سے مانگیں گے، یہی جمہوری طریقہ ہے ہم یہ نہیں کر سکتے کہ شریف شریف کھیلیں اور ہر چیز قانون کے مطابق چلیں، اپوزیشن ہمیشہ قانون کی خلاف ورزی اور پیسے کا استعمال کرتی ہے، اس دفعہ ہم تیار ہیں ۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ یہ الیکشن جیتنے کیلئے کم وقت میں جو بھی ضروری ہوگا کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہاتھ پیچھے باندھ لیں اور فریق جو بھی طریقہ چاہے استعمال کرے ۔
واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں جب کے ان کے مد مقابل حکومتی امیدوار موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ہیں۔
Comments are closed.