کشمیرایک طرف رکھ کربھارت سے بات چیت غداری ہوگی،وزیر داخلہ
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک طرف رکھ کر بھارت سے بات چیت ملک، قوم اور کشمیریوں کے ساتھ غداری ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پاکستان کے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ بھارت کے ساتھ پر امن تعلقات کے خواہش مند ہیں لیکن اس کے ضروری ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بحال کیا جائے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عرب ممالک پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں جبکہ پاکستان کے زیر اہتمام کثیر الجہتی بحری مشقیں دراصل حکومت اور فوج کی کامیابی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا پاکستان 2012 میں ایف اے ٹی ایف میں بلیک لسٹ تھا، پاکستان رواں برس دیگر 3 نکات بھی پورے ہوجائیں گے اور ایف اے ٹی ایف کا چکر ختم ہوجائے گا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر آئی ایس آئی، آئی بی اور ایف آئی اے نے ایک ماہ میں ویزا کے خواہش مند کی درخواست پر کوئی جواب نہیں دیا تو وزارت داخلہ 30 دن کے اندر ویزا جاری کردے گی۔
انہوں نے کہا سینیٹ میں اوپن بیلٹ ووٹنگ کے پس منظر میں کہا کہ پارٹی میں کوئی پھوٹ نہیں ہے اور اگر کوئی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ غداری کرتا ہے اس کا سیاسی سفر نامہ ختم ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے سینیٹ میں اوپن بیلٹ کے معاملے میں رائے سنائی جائے گی، کل عدالت کا عظیم فیصلہ آنے والا ہے اس کے بعد اس پرتفصیلی بات کروں گا۔
حمزہ شہباز کی رہائی سے متعلق سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ اگر کوئی رہا ہوجائے تو میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ غلط ہوا کیونکہ عدالتیں آزاد ہیں اور اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم پڑھے لکھوں کی سیاسی جماعت ہے اور میرا ان کے کسی رہنما سے کوئی رابطہ نہیں ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ بھی سینیٹ میں ڈاکٹر حفیظ شیخ کو ووٹ دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیر ستان اور پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، افغانستان میں پاکستان کا کلیدی کردار ہے، افغانستان میں دہشت گرد اکٹھے ہوچکے ہیں اور پاکستان میں دہشت گردی کے خطرات ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہائی الرٹ ہے جبکہ 23 مارچ کو مسلح افواج کی پریڈ ہے، پی ڈی ایم سے درخواست ہے اپنا احتجاج دو چار دن آگے لے جائیں اور اگر نہیں لے جانا چاہتے تو آپ کی مرضی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے طرف سے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی اور اگر وہ ہم سے رابطہ کریں تو ان کے لیے پانی اور دیگر بندوبست کریں گے اپوزیشن پر افسوس ہے کہ گزشتہ روز (27 فروری) کو بھارت منہ کی کھانی پڑی لیکن کسی اپوزیشن لیڈر نے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے اور مجھے یقین ہے کہ جن لوگوں کو اللہ نے عمران خان کے ذریعے عزت دی ہے وہ اس عزت کا خیال رکھیں گے۔
Comments are closed.