البیرونی نے جہلم میں پہلی بار دنیا کی پیمائش کی ،وزیراعظم
جہلم ( زمینی حقائق ڈاٹ کام )وزیراعظم عمران خان نے ضلع جہلم کے قلعہ نندانہ میں البیرونی پوائنٹ میں ثقافتی ٹریل کا افتتاح کردیا، وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار البیرونی نے دنیا کی پیمائش کی کوشش کی تھی۔
ضلع جہلم میں البیرونی پوائنٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم جس مقام پر موجود ہیں یہ بہت خاص جگہ ہے، یہاں سے دنیا کی تاریخ میں پہلی بار البیرونی نے دنیا کی پیمائش کی کوشش کی تھی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ البیرونی کی پیمائش اور دنیا کی جدید پیمائش میں زیادہ فرق نہیں ہے،انھوں نے کہا کہ تاریخی جگہوں کی حفاظت بہت ضروری ہے، ہمارے ماہرین آثار قدیمہ نے توکچھ کیا ہی نہیں ہے، انگریزوں نے ہی تاریخی مقامات کو دریافت کیا۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ ہیرٹیج ٹریل میں ایک پورے علاقے کا تعین کیا گیا ہے، سیاح کے لیے اچھی جگہ نہ ہو کوئی اس کا خیال نہ رکھے تو کوئی نہیں آئیگا، مقامی لوگ سیاحت کا خیال رکھیں گے تو ان کو وسائل ملیں گے۔
انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت سیاحوں کی ٹھہرنے کی سہولتوں کے حوالے سے مزید آسانیاں پیدا کرے گی، علاقے کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے لئے یہاں زیتون کے درخت لگائے جارہے ہیں۔
سیاحت کی اہمیت کاذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کو روزگار دینا ہے، سیاحت ایک ایسی صنعت ہے جو سب سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے۔
وزیراعظم عمران خان،
— Prime Minister's Office, Pakistan (@PakPMO) February 28, 2021
سیاحتی منصوبے البیرونی ریڈیس کے افتتاح کے موقع پر مکمل خطاب.#AlBeruniRadius pic.twitter.com/KxESmSWRT7
واضح رہے یہ منصوبہ وزیراعظم کی قومی سیاحتی حکمت عملی کے تحت سیاحت کے فروغ کے تصور کا حصہ ہے جس کا مقصد تاریخی اہمیت اور قومی ورثے کے مقامات پر سیاحت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس مقام کی تاریخی اہمیت کا تعلق گیارھویں صدی سے ہے جب معروف دانشور ابوریحان البیرونی نے یہاں اپنے قیام کے دوران زمین کا مدار معلوم کیا،بعد میں البیرونی نے اس علاقے کے بارے میں ایک مشہور کتاب لکھی اور نندانہ کو بڑا علمی مرکز قرار دیا۔
قلعہ نندانہ کے گرد ونواح میں نندانہ مندر، کٹاس مندر، کھیوڑہ کی نمک کی کانیں، قلعہ ملوٹ اور تخت بابری سمیت چھ مزید تاریخی مقامات ہیں۔
اس موقع پرمعاون خصوصی زلفی بخاری ، وفاقی وزیر فواد چوہدری اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے، اس کے علاوہ دورہ جہلم میں وزیراعظم ٹلہ جوگیاں نیشنل پارک،سالٹ رینج نیشنل پارک کا بھی افتتاح کیا۔
Comments are closed.