وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، 15 ارکان اسمبلی غیر حاضر
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) تحریک انصاف کیلئے خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں 15 سے زائد ارکان اسمبلی غیر حاضر تھے.
ذرائع کے مطابق جو ارکان اس اہم اجلاس میں نہیں آئے ان میں 2 سابق صوبائی وزراء ، مشیر اور معاون خصوصی بھی شامل ہیں، تاہم غیرحاضری کو مصروفیات بتایا گیا ہے.
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت پشاور میں سینیٹ الیکشن سے متعلق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی زیر بحث رہی.
اجلاس میں ارکان اسمبلی نے عزم کیا کہ سب وزیراعظم کے نظریے کے مطابق ووٹ دیں گے، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے ارکان کو سینیٹ الیکشن کیلئے منظم رہنے پر زور دیا.
وزیر اعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں نوشہرہ ضمنی الیکشن کا تذکرہ ہوا، پرویز خٹک نے الیکشن ہارنے کی وجوہات تفصیلاً بتائیں۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا اصل محور عوام ہیں،بدقسمتی سے یہاں لوگوں نے سیاست کو صرف پیسہ بنانے کیلئے استعمال کیا.
انھوں نے کہا ان لوگوں نے ہرجگہ پیسہ استعمال کیا اب ان کی حالت نشان عبرت ہے،ہم اس لیے پیچھے رہ گئے کیونکہ یہاں پیسہ عوام کی خدمت کی بجائے چوری کیا گیا.
عمران خان نے کہا کہ قدرت نے پاکستان کو ہرنعمت سے نوازا ہے ، جس معاشرے میں اخلاقیات ختم ہوجائیں وہ معاشرہ تباہ ہوجاتا ہے، ہم مستقبل اور اپنی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے سینیٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے ہو، عدالت کا فیصلہ جو بھی ہو، قبول کریں گے،پارٹی جس امیدوارکو نامزد کرے گی اس امیدوار کو کامیاب کروائیں گے۔
اسی طرح تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے بھی سینیٹ انتخابات جیتنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کرلی ہے، ق لیگ اور پی ٹی آئی کی صوبائی قیادت ارکان اسمبلی سے رابطے کریں گے۔
وزیراعظم سے گورنرخیبرپختونخواہ اور وزیر اعلیٰ کے پی نے بھی ملاقات کی، جس میں سیاسی معاشی اور انتظامی صورتحال پر بات چیت کی گئی.
Comments are closed.