سعودی عرب نے پاکستان کو حج درخواستوں کی وصولی سے روک دیا
فوٹو: فائل
اسلام آباد( ویب ڈیسک) سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث اس بار بھی پاکستانی حکومت کو حج کی درخواستیں وصول کرنے سے روک دیا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے حج و مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے پاکستانی حکام سے کہا کہ ان پاکستانیوں سے فی الحال رواں سال کیلئے حج درخواستیں وصول نہ کی جائیں۔
ڈاکٹر نور الحق قادری نے کہا کہ بظاہر لگتا ہے کہ اس سال بھی کورونا وبا کے باعث پچھلے سال کی طرح حج معمول کے مطابق نہیں ہو سکے گا۔
اسی وجہ سے سعودی حکام نے پاکستانی حکومت کو حج درخواستوں کا مرحلہ شروع کرنے سے روک دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت تک ایئر لائنز سے حج پروازوں کے حوالے سے بات کرنا بے سُود ہو گی۔
ابھی تک پاکستانی حکومت نے سعودی حکومت کے ساتھ حج کے حوالے سے کسی مفاہمتی یادداشت پر دستخط نہیں کیے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے حج و مذہبی نے میڈیا سے یہ گفتگو مذہبی اداروں کے طلباء میں اسناد کی تقسیم کے دوران کی۔
نورالحق قادری نے کہا حج کے حوالے سے ہم عوام کے تحفظات اور فکر مندی سے پوری طرح آگاہ ہیں ، سعودی حکومت سے بھی امید ہے کہ وہ اس حوالے سے بہتر فیصلہ کرے گی۔
یاد رہے گزشتہ سال بھی تقریباً دس ہزار افراد نے حج کی سعادت حاصل کی۔ جن میں سعودیہ میں مقیم تارکین وطن اور مقامی افراد شامل تھے۔ کسی غیر ملکی کو حج کے لیے مملکت آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
Comments are closed.