پرویز خٹک کی سیاسی چھکوں کے بعد وضاحت


اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنے لوگوں کے سامنے جوش خطابت میں لفاظی چھکے مارنے کے بعد دفاعی انداز اپنا لیا ، ٹوئٹر پر اپنے ہی الفاظ کی وضاحت کرنا پڑ گئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں پرویز خٹک نے کہا عمران خان کے مجھ پر بہت احسانات ہیں، ان کا مقروض ہوں۔ ہماری کوششوں اور وزیراعظم کی وجہ سے اپوزیشن کو شکست دی۔

قبل ازیں پرویز خٹک نے کارنر میٹنگ میں کہا تھاکہ اگر وہ خرابی کریں تو عمران خان کی حکومت ایک دن بھی نہ چلے۔ پورے پاکستان کی اپوزیشن میری عزت کرتی ہے۔

پرویز خٹک کی تقریر کی ویڈیو وائرل ہوئی تو میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ سب کیلئے پریشان کن تھا کہ، اسمبلی کے سارے ممبران کو سنبھالتا ہوں، عمران خان کی حکومت میں اگر میں خرابی کروں تو ایک دن بھی نہیں چل سکتی۔

کارنر میٹنگ میں وزیر دفاع نے مزید کہا تھا کہ میں جس سے اختیار لے لوں تو وہ خود ہی صفر ہو جاتا ہے۔ یہ میری محنت اور کوشش ہے کہ آج میں پورے پاکستان سے مقابلہ کر رہا ہوں۔ تاہم اس وقت بھی یہ کہا تھا کہ عمران خان کے مجھ پر بہت احسانات ہیں۔

انھوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ نوشہرہ میں اپنے گاؤں کے مقامی لوگوں کے لئے اپنی تقریر میں واضح طور پر تذکرہ کیا ہے کہ میں عمران خان کا مخلص اور مقروض ہوں۔

Comments are closed.