پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے شیڈول کااعلان کردیاگیا
فوٹو:فائل
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 2021 کے چھٹے ایڈیشن کے شیڈل کا اعلان کردیا ہے۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا پہلا میچ 20 فروری کو دفاعی چیمپئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔21فروری کو ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔
دوسرے دن کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں 2 مرتبہ کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور دوسرا مرحلہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں شہروں میں برابر میچز کھیلے جائیں گے، تمام ٹیموں میں ڈے اور نائٹ میچز کی تقسیم بھی برابر کی گئی ہے۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا اسپورٹ پیریڈ 15 فروری سے شروع ہوگا۔ لیگ میں حصہ لینے والے غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے کراچی آمد سے قبل کورونا وائرس کے ایک ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنا لازمی قرار دیاگیا ہے۔
اس بار فی الحال خالی سٹیڈیمز میں میچز کرانے کی بجائے اعلان کیا گیاہے کہ تماشائیوں کی آمد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ایونٹ سے چند روز قبل کیا جائے گا، اس حوالے سے حکومتی سفارشات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
جس کرکٹر یا اسپورٹ اسٹاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے گا، اسے پھر پانچ روزکے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا جائے گا۔ اس دوران اس کے کورونا وائرس کے مزید دو ٹیسٹ کیے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ آئسولیشن کے پہلے دن اور دوسرا ٹیسٹ آئسولیشن میں پہنچنے کے چوتھے روزکیا جائے گا۔
تیس روزتک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں کل34میچز کھیلے جائیں گے اور فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
Comments are closed.