پانچ ہزار ڈالر اور زائد مالیت کے پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس کا اجراء
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزارت خزانہ کے ترجمان ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا ہے کہ پانچ ہزار ڈالر اور اس سے زائد مالیت کے پاکستان بناوٴ سرٹیفکیٹس کا باضابطہ اجراء کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد میں ایک بیان میں کہا کہ یہ تین یا پانچ سال تک کی مدت کے سرٹیفکیٹس ہیں۔انہوں نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے قومی شناختی کارڈ اور پاکستان Originکارڈز پریہ سرٹیفکیٹس خریدے جا سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تین سال کے سرٹیفکیٹ پر چھ اعشاریہ دو پانچ فیصد منافع جبکہ پانچ سال کے سرٹیفکیٹ پر چھ اعشاریہ سات پانچ فیصد منافع حاصل ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ان سرٹیفکیٹس پربچت امریکی ڈالر اور پاکستانی ر وپے دونوں میں دستیاب ہو گی۔ڈاکٹر خاقان نجیب نے کہا کہ سرٹیفکیٹس پر منافع کی ادائیگی پاکستان میں سرمایہ کار کے نامزد فرد یا بیرون ملک امریکی ڈالر اکاوٴنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ اس سال تیس جون تک خریداری کے لئے دستیاب ہوں گے۔ترجمان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دینے کے لئے پاکستان بناوٴ سرٹیفکیٹس پر ودہولڈنگ ٹیکس اور زکوٰة کی کٹوتی نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی مکمل ضمانت کے تحت بیرون ملک مقیم سرمایہ کاروں کے پاس ان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کا سنہری موقع ہے۔
وزارت خزانہ کے ترجمان نے کہا کہ ان سرٹیفکیٹس سے حکومت کی جانب سے طویل المیعاد ترقی یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ڈاکٹر خاقان نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار ویب سائٹ www.pakistanbanaocertificates.gov.pk کے ذریعے سرٹیفکیٹس کے بارے میں تفصیلی معلومات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
Comments are closed.