جیون کا اک اور سنہرا سال گیا


عاقل شاہ

لمحہ لمحہ نظر آتا ہے کبھی اک اک سال
ایک لمحے میں کبھی سال گزر جاتا ہے

زندگی کے گزرے ہوئے لمحات کو پکڑ نہیں سکتے۔ لیکن آنے والے لمحات کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ یونہی ماہ و سال کی گردش میں عمر تمام ہو جاتی ہے۔

ایک اور سال ختم ہوا ابھی تو 2020 شروع ہوا تھا۔۔۔ پتہ بھی نہیں چلا اور اب دسمبر بھی گزر گیا۔۔۔ حالات وہی، رویے وہی، باتیں وہی۔۔۔ کچھ بدلا تو نہیں ہے۔۔۔ بس سال بدل گیا۔۔

اس سال بھی سارے موسم، حالات اور معاملات ویسے ہی تھے۔۔۔ اس سال بھی لوگ امن و سکون کو ترستے رہے۔
اگرچہ آغاز سے اختتام تک سال 2020 مجموعی طور پر ہم پاکستانیوں کے لئے بہت مشکل رہا۔۔۔

دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کرونا وائرس کا شکار ہو چکا، لوگوں میں خوف و ہراس پھیل چکا تھا، کرونا وائرس میں نزلہ زکام جیسی علامات ہوتی ہیں.

ناک بہنا شروع ہوجاتا ہے، کھانسی، گلے میں خراش، بخار، خشک کھانسی، انفیکشن پھیپھڑوں اور سانس کی نالی میں چلا جاتا ہے، نمونیا ہوجاتا ہے سانس لینے میں دقت ہوتی ہے، جگر اور گردے فیل ہو جاتے ہیں اور انسان کی موت ہوجاتی ہے۔ کرونا وائرس کے لیے ابھی تک کوئی ویکسین یا علاج ایجاد نہیں ہوا۔

کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً پانچ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، اس بیماری سے لقمہ اجل بنے والے افراد کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے۔۔۔

ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگنے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں لاکھوں افراد کا روزگار متاثر ہوا، ملکی معیشت کو ناقابلِ ت نقصان پہنچا جس کی وجہ سے ہفتہ وار گھریلو آمدنی میں 90 فیصد تک کمی نظر آئی ہے۔۔۔

کچھ خوشیاں، کچھ آنسو دے کر ٹال گیا
جیون کا اک اور سنہرا سال گیا
(نامعلوم)

سال کے آخر میں ہم سوچتے ہیں کہ سال کے اس آخری دن مجھے خوشی منانی چاہیے، یا افسوس کرنا چاہیے کہ کتنا قیمتی وقت ہاتھ سے نکل گیا، اور ایک سال کیا بیت گیا بلکہ ایک زمانہ گزر گیا، اور زندگی کا ایک اہم ترین حصہ ختم ہوگیا۔

کیوں نہ سمجھا جائے کہ خوشی اور غم ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں ایک وقت میں اگر ایک رخ سامنے ہوتا ہے تو یاد رکھیں دوسرا بھی بس اپنی باری کا منتظر ہوتا ہے اور یہ ہم پر منحصر ہے کہ اسے کب موقع دیتے ہیں۔

لیکن پھر بھی ہم رحمتِ خداوندی سے مایوس نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ سالِ نوکو ہم سب کے لئے مبارک ثابت فرمائے اور انفرادی اور اجتماعی سطح پر خوشیاں، سکون، امن و سلامتی اور کامیابیاں سب کا مقدر ہوں۔۔۔(آمین)

میری طرف سے شروع ہونے والے عیسوی سال کے لئے نیک خواہشات۔۔۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی مشکلیں آسان فرمائے۔۔۔(آمین ثمہ آمین)

Comments are closed.