کرک،مندر جلانے میں ملوث مرکزی ملزم مولوی شریف گرفتار

فوٹو : سوشل میڈیا

کرک(فرید احمد خٹک) پولیس نےکرک میں مندر کو جلانے کے واقعہ میں ملوث مرکزی ملزم مولوی شریف اور جے یو آئی رہنما رحمت سلام خٹک کو گرفتارکرلیاہے۔

اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن ظاہر شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد جے یو آئی رہنما رحمت سلام خٹک کو بھی گھر سے گرفتار کرکیا گیا ہے۔

ایس اپی انویسٹی گیشن کے مطابق مرکزی ملزم مولوی شریف ایف آئی آر میں نامزد ہیں اور ان کی تلاش کے لیے دوپہر سے چھاپے مارے جا رہے تھے۔

واضح رہے اس سے قبل پولیس نے واقعے میں ملوث 33 افراد کو گرفتار کیا تھا۔ واقعے کیخلاف 350 افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ادھر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے بھی کرک واقعے پر نوٹس لیتے ہوئے 5 جنوری کو کیس سماعت کیلئے مقرر کر تے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی کے پی کو 4 جنوری کو رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے.

وفاقی وزیر مذہبی امور نے مندر جلانے کے واقعہ پر کہا ہے کہ غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔

ایک بیان میں وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ آئین پاکستان بھی غیر مسلم آبادی اور انکی عبادتگاہوں کی حفاظت پر زور دیتا ہے،کرک میں مندر کو گرانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

پیر نور الحق قادری نے کہاکہ اسلام اور آئین پاکستان غیر مسلم اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی کی اجازت دیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ معاملے کے پر امن حل کیلئے وزارت مذہبی امور علاقے کے مذہبی رہنماوں سے رابطے میں ہے.

یاد رہےکرک کی ہندو کمیٹی کے مندر سے ملحقہ جگہ خرید کر توسیع کرنے پر مقامی آبادی مشتعل ہوئی تھی۔

Comments are closed.