پیپلز پارٹی نے استعفے نوازشریف کی وطن واپسی سے مشروط کر دئیے
کراچی(ویب ڈیسک)پیپلز پارٹی نےاستعفوں کے آپشن کو نواز شریف کی واپسی سے مشروط کر دیا ہے اور یہ کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف وطن واپس آکر لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہیں تو استعفوں پر غور کیا جاسکتا ہے.
پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں ہوا جس میں شرکاء کی اکثریت نے اسمبلیوں سے استعفوں کی مخالفت کی۔
پیپلزپارٹی کے اجلاس میں یہ موقف بھی سامنے آیا کہ اگر قبل ازوقت استعفوں سے حکومت کو اٹھارہویں آئینی ترمیم اور دیگر جمہوری قوانین کو ختم کر نے کا موقع مل جائے گا۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی سندھ سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے پی ڈی ایم کے اسمبلیوں سے استعفوں کے فیصلے کی مخالفت کردی ارکان نے رائے دی کہ پارلیمنٹ کے فورم کو چھوڑنا سیاسی طور پر بہتر اقدام نہیں ہوگا۔
پی پی پی کے قانونی ماہرین نے اظہار خیال کیا کہ استعفے سینیٹ الیکشن کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہیں کرسکتے، اگر ہم نے استعفے دے دیے تو اس کے بعد آگے کا لائحہ عمل بالکل واضح نہیں ہے۔
مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین نے مولانا فضل الرحمان کی بینظیر بھٹو کی برسی میں غیرموجودگی پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی سیاست کے پیچھے مولانا فضل الرحمان نے بے نظیر بھٹو کی برسی چھوڑدی اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے کہنے پر اسمبلیاں چھوڑدیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد اور جمہوریت کیلئے ہم نے ہمیشہ اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھا ہے۔
پی پی ارکان نے کہا کہ جمہوری قوتوں کو جھانسے میں نہیں آنا چاہیے، ہم نئی پی این اے نہیں بن سکتے، پاکستان پیپلزپارٹی کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتی اور واحد جماعت ہے جو مزاحمتی سیاست کے لئے تیار ہے.
اراکین نے کہا کہ ہم لانگ مارچ کے لئے تیار ہیں، میاں نواز شریف کو وطن واپس آکر لانگ مارچ کا حصہ بننا چاہیے، میاں نواز شریف کی وطن واپسی پر استعفوں پر بات ہوسکتی ہے۔
اعلامیے میں واضح تھا کہ استعفے مناسب وقت پر دیے جائیں گے اجلاس میں ارکان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے دیگر مقاصد کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حکومت مخالف مہم میں کسانوں، وکلا، تاجر اور ڈاکٹر تنظیموں سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہےبلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارا عزم ہے کہ ہمیشہ کی طرح تمام جمہوری قوتوں کوساتھ لےکرچلیں۔
Comments are closed.