محمد عامر سلیکشن نہ ہونے پر طیش میں، ریٹائرمنٹ کی دھمکی
فوٹو: فائل
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) میچ فکسنگ میں سزا یافتہ اورنوجوان ہونے کے باوجود پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ سے معذرت کرنےوالے فاسٹ باولر محمد عامر ایک سیریز سے آوٹ ہونا بھی برداشت نہ کرسکے، ٹیم مینجمنٹ پر الزامات عائد کرکے ریٹائر منٹ لینے کی بجائے ریٹائرمنٹ لینے کی دھمکی دے دی ۔
سری لنکا پریمیئر لیگ کے بعد ایک ویڈیو انٹرویو میں محمد عامر نے کہا کہ مجھے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے، موجودہ بورڈ مینجمنٹ میں کرکٹ نہیں کھیل سکتا، فی الحال اس مینجمنٹ کی وجہ سے کرکٹ چھوڑ رہا ہوں،35 کھلاڑیوں میں نام نہ آنا میرے لیے پیغام تھا۔
صرف ایک سیریز سے آوٹ کئے جانے والے محمد عامر کہتے ہیں مجھے سائیڈ لائن کیا جارہا ہے، 5 سال کی سزا کاٹنے کے بعد واپس آیا اور پھر بھی کہا جا رہا ہے کہ بورڈ نے مجھ پر بہت انویسٹ کیا، مجھے صرف دو لوگوں نے سپورٹ کیا اور وہ سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اور شاہد آفریدی تھے جس پر دونوں کا شکرگزار ہوں۔
محمد عامر نے کہا کہ ایک دو دن میں پاکستان پہنچ کر باقاعدہ بیان جاری کروں گا اور کون کون لوگ میرے فیصلے کی وجہ بنے ان کاذکر بھی بیان میں کروں گا، ان لوگوں کا بھی ذکر کروں گا جنہوں نے مجھے مشکل وقت میں سپورٹ کیا جب کہ بیان سے پہلے فیملی سے مشورہ کروں گا۔
فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹیم مینجمنٹ سے دلبرداشتہ ہوکر انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان 2 روز میں کروں گا، محمد عامر ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کااعلان کر چکے ہیں۔
محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ کم بیک کو نہیں دیکھ رہا، وقار یونس کا رویہ برداشت سے باہر ہوچکا ہے، نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم کو بے عزت نہیں کیا، ہمارے لڑکوں کی حرکتیں خراب تھیں جنکی سزا انکو ملی۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے پہلے مجھے ذاتی طور پر دھچکا لگا کہ فائنل سے ایک دو دن پہلے ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق صاحب ہی بتا سکتے ہیں کہ انہوں نے ٹیم کا اعلان پی ایس ایل مکمل ہونے سے پہلے کیوں کیا۔
فاسٹ باولر کا کہنا تھا کہ میں نے ٹویٹر پر مصباح صاحب اس لئے لکھا کہ وہ بڑے لوگ ہیں جن کے پاس پاور ہوتی ہے وہ صاحب ہی ہوتے ہیں۔، وقار یونس جب سسٹم میں نہیں تھے تب کی ریٹائرمنٹ لی تھی۔
واضح رہے محمد عامر نے ٹی ٹوئنٹی ڈبیو انگلینڈ کے خلاف 2009 میں کیا، عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 59 وکٹیں حاصل کی، انہوں نے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 2020 میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا، محمد عامر نے ون ڈے کرکٹ ڈبیو 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔
قومی فاسٹ باؤلر نے اپنا آخری ون ڈے میچ 2 اکتوبر 2019 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا، محمد عامر نے 61 ون ڈے میچز میں 81 وکٹیں حاصل کیں، قومی فاسٹ باؤلر محمد عامر میچ فکسنگ میں سزا کے باعث 5 سال کرکٹ سے دور بھی رہے۔
یاد رہے ٹیم منیجمنٹ میں شامل سابق فاسٹ باولر وقار یونس نے اس وقت بھی محمد عامر اور وہاب ریاض کو تنقید کانشانہ بنایا تھا جب انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ سے سے ریٹائرمنٹ کااعلان کیاتھا، وقاریونس کایہ بجا موقف تھا کہ وہ اگر ملک کیلئے کھیلتے ہیں تو پھر چوائس پرکرکٹ پر فیصلے نہ کریں۔
وہاب ریاض ، محمد عامر کے علاوہ علاوہ شعیب ملک نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لی ہے لیکن شعیب ملک ٹیم مینجمنٹ کے مستقبل پلان میں ٹیسٹ میں شامل بھی نہیں تھے اور ا ن کی عمر بھی زیادہ تھی لیکن محمدعامر کی جب ملک کو ضرورت تھی انھوں نے تب ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دی۔
Comments are closed.