مریم نواز کی ریلی نکالنے پر لاہور کے 3 تھانوں میں مقدمات درج
لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی گذشتہ روز نکالی گئی ریلی کے خلاف لاہور کے تین مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے ریلی نکالنے پر اچھرہ، گوالمنڈی اور لوہاری تھانے میں مقدمات درج کئے گئےہیں ۔ جس میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں۔
ان مقدمات میں سینکڑوں لیگی کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزام میں مریم نواز نے جس ہوٹل میں کھانا کھایا اُس کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
گذشتہ روز پی ڈی ایم کے 13 دسمبر کے مینار پاکستان کے جلسے میں عوام کو شرکت کی دعوت دینے کی مناسبت سے پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کی قیادت میں گجومتہ سے داتا دربار تک ریلی نکالی گئی تھی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ مسلم لیگ ن نے ابھی تک باقاعدہ طور پر استعفوں کا نہیں کہا لیکن میرے پاس استعفوں کے انبار لگے ہیں.
مسلم لیگ ن 13دسمبر کے بعد استعفے لے گی ، یہ حکومت جلد انجام کو پہنچے گی ، عمران خان ہاتھ جوڑ کر پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ لاہور کے عوام کو کہوں گی کہ فیصلے کا وقت آگیا ہے ، اس لیے لاہوریوں کو لاہور کی بیٹی مریم نوازخود جا کر 13دسمبر کے جلسے میں شرکت کی دعوت دے گی کہ وہ بار نکلیں اور جابر حکومت کے خلاف نواز شریف کا ساتھ دیں.
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ انہیں لانے والوں سے ہے ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے.
Comments are closed.