اداکارہ زینب جمیل نے اسلامی تعلیمات کیلئے شوبز چھوڑ دیا

فوٹو: فائل


کراچی( ویب ڈیسک) ڈراموں میں کام کرنے والے مشہور ادا کارہ زینب جمیل نے اسلامی تعلیمات کی مکمل پیروی کرنے کا عزم کرتے ہوئے شوبز چھوڑنے کااعلان کردیاہے۔

اس سے قبل اداکارہ انعم ملک، اداکارہ و گلوکارہ رابی پیرزادہ سمیت کئی اداکارائیں شوبزکی چکا چوند کو مسترد کرکے مذہب کی طرف راغب ہو چکی ہیں ،31 سالہ اداکارہ و ماڈل زینب جمیل نے شوبز چھوڑنے کا اعلان انسٹاگرام پر پیغام میں کیاہے۔

ماڈل و اداکارہ زینب جمیل کا کہنا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر ہے کہ میں بطور ماڈل اور اداکارہ اپنا کیرئیر جاری نہیں رکھنا چاہتی۔ اس بات پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا،الحمداللہ

اداکارہ نے مزید لکھا کہ اللہ نے مجھے قرآن و حدیث کی تعلیم کے حصول کے لیے منتخب کرلیا ہے اور اب میں دین اسلام سے متعلق زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کروں گی۔

زینب جمیل نے اپنے کیرئیر کا آغاز نجی ٹی وی چینل پر بطور نیوز اینکر کیا تھا بعد ازاں جیو انٹرٹینمنٹ کے کئی مقبول ڈراموں جیسے سسرال میری بہن کا ،سدا سکھی رہو، منچلی، مل کے ہم نہ ملے اور آپ کی کنیز میں اداکاری کر چکی ہیں۔

مشہور گلوکارہ و اداکارہ رابی پیرزادہ نے بھی کچھ عرصہ قبل رنگ و روشنیوں کی دنیا چھوڑ کر اسلامی لباس اور تعلیمات پر عمل شروع کردیا تھا اسی طرح حال ہی میں ایک انڈین اداکارہ ثناء خان بھی شوبز چھوڑ چکی ہیں۔

Comments are closed.