پشاور میں کورونا کے8مریض آکسیجن نہ ملنے پر جاں بحق
فوٹو: فائل
پشاور: آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کے باعث پشاور کے خبیرٹیچنگ اسپتال میں کورونا کے 8 مریض انتقال کرگئے۔
ترجمان خبیر ٹیچنگ اسپتال نے مرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب روالپنڈی سے آکسیجن سیلنڈر بروقت نہ پہنچنے کی وجہ سے کورونا کے 8 مریض جاں بحق ہوئے۔
ترجمان خیبر ٹیچنگ اسپتال نے بتایا کہ سردی میں مریضوں کو آکسیجن کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے، تاہم آکسیجن ختم ہونے پر سنٹرل آکسیجن سے سپلائی تین گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔
اسپتال کے مختلف وارڈز میں تشویش ناک حالت میں مریض شدید مشکلات کا شکار رہے، اور بروقت آکسیجن نہ ملنے کے باعث کورونا وارڈ، آئی سی یو اور میڈیکل وارڈ میں تشویشناک حالت میں زیرعلاج 8 مریض دم توڑ گئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا محمود خان نے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی اموات کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور وزیر صحت کو اسپتال کے بورڈ آف گورنرز سے واقعے کی تحقیقات کروانے کی ہدایت کردی ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ 48 گھنٹوں کے اندر واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ پیش کی جائے، 48 گھنٹوں میں تحقیقات مکمل نہ ہونے کی صورت میں صوبائی حکومت واقعے کی اپنی سطح پر آزادانہ تحقیقات کروائے گی۔
انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ متعلقہ ذمہ داروں کی جانب سے سنگین غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ ہے، واقعے کی رپورٹ پبلک کی جائے گی اور تمام معاملات عوام کے سامنے لا کرذمہ داروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا کا کہنا ہے کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں گزشتہ رات آکسیجن سپلائی کم ہونے کی وجہ سے واقعہ پیش آیا، بی او جی کو فوری انکوائری کرنے کی ہدایت کی ہے، اور 48 گھنٹوں میں ایکشن لینے کا حکم دیا ہے۔
Comments are closed.