نواز شریف کو سزا دینے والے جج ارشد ملک کورونا سے انتقال کر گئے
راولپنڈی(ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم نوازشریف کو سزا سنانے سے شہرت پانے والے جج ارشد ملک کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔
ارشد ملک کا انتقال راولپنڈی کے نجی اسپتال میں ہوا ہے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے.
ذرائع نے کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ مندرہ میں ادا کی جائے گی۔ ارشد ملک کے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
جج ارشد ملک کورونا وائرس سے انتقال کرگئے، اس حوالے سے ارشد ملک کے کزن ایڈووکیٹ ثمر ملک نے تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 4 دسمبر 2018 کو العزیزیہ اسٹیل ملز کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور فلیگ شپ انویسٹمنٹس سے متعلق دوسرے ریفرنس میں بری کردیا تھا۔
بعدازاں 6 جولائی 2019 کو سابق جج ارشد ملک کا ایک ویڈیو اسکینڈل سامنے آیا تھا، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا تھا.
اس معاملے کی انکوائری کے لیے جسٹس سردار احمد نعیم کو انکوائری جج مقرر کیا گیا تھا، جنہوں نے تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ انتظامی کمیٹی کو پیش کی، تاہم ارشد ملک نے کمیٹی کے سامنے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔
جج ارشد ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں کی جانب سے انہیں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں نواز شریف کے حق میں فیصلہ دینے پر مجبور کرنے کے لیے رشوت کی پیشکش کی.
مرحوم جج نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ انھیں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی اور بعد ازاں عہدے سے استعفیٰ دینے پر بھی مجبور کیا گیا۔
اس کے بعد 12 جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹانےکا فیصلہ کیا تھا اور خط لکھا تھا، جس پر وزارت قانون نے احتساب عدالت نمبر 2 کے جج کو مزید کام کرنے سے روک دیا تھا اور لا ڈویژن کو رپورٹ کرنے کا کہا تھا۔
Comments are closed.