پشاور،بس اڈوں پر ماسک نہ پہننے پر 52 افراد گرفتار
فوٹو :فائل
پشاور: حکومتی احکامات کے باوجود پشاور میں بی آر ٹی بسوں اور دیگر بس اڈوں پر ماسک نہ پہننے پر52 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے ہشت نگری اور دیگر اسٹیشنز کا معائنہ کیا اس دوران بیشتر افراد ماسک کے بغیر نظر آئے جس پر متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ادھر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد شفیق آفریدی نے بھی صدر کے علاقے میں بی آر ٹی اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور ماسک کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی.
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتا ب احمد اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر احمد ہاشمی نے جی ٹی روڈ پر بی آر ٹی اسٹیشنوں کا معائنہ کیا اور گرفتاریاں کیں۔
شہر کے مختلف بسوں کے اڈوں پر سیفٹی ماسک نہ پہننے والے مجموعی طور پر 52 افراد کو گرفتار کرلیا گیاجبکہ صرف ماسک لٹکا کر پھرنے والوں کو تنبیہ کی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغرنے کا کہنا تھا کہ عوام بی آر ٹی اسٹیشنوں اور بسوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں.
ٹرانسپورٹ اڈوں، بازاروں اور دکانوں میں سیفٹی ماسک کا استعمال کیا جائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی ماسک مطلب خود اور دوسروں کو کورونا وبا سے بچانا ہے۔
Comments are closed.