نواز،زرداری پراللہ کا عذاب، حرام کا پیسہ تباہ کرتا ہے،وزیراعظم
گلگت( زمینی حقائق ڈاٹ کام)گلگت بلتستان کی نو منتخب کابینہ نے حلف اٹھا لیا گورنر گلگت بلتستان نے نو منتخب کابینہ کے ارکان سے حلف لیا، وزیراعظم عمران خان بھی حلف برداری تقریب میں شریک ہوئے۔
کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کو 30 سال سے جانتا ہوں، ان پر عذاب آتا دیکھا ہے اور یہ ہمارے لیے عبرتناک ہے۔
عمران نے کہا کسی کو کیا پتا تھا پانامہ سے ان کے محلات سامنے آ جائیں گے، چوری چھپتی نہیں ہے، ایک جھوٹ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ بولنے پڑتے ہیں، اس پیسے کا کیا فائدہ جو آپ کا اور آپ کی اولاد کی تباہی کرتا ہے۔
گلگت بلتستان نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری: وزیراعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب۔ https://t.co/aQnA4I1ZmK
— PTI Azad Kashmir (@PTIAJK_Official) December 2, 2020
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کے بچوں کو بھی جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، کورونا میں لوگ مر رہے ہیں لیکن پی ڈی ایم کمپین کر رہی ہے، کورونا سے اموات ہو رہی ہیں لیکن یہ جلسے کر رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چوری بچانے کے لئے جلسے کیے جا رہے ہیں، حرام کا پیسہ انسان کو تباہ کر دیتا ہے، تمام بیماریوں کی جڑ ذہنی دباؤ ہے، اگرآپ نے ذہنی دباؤ دیکھنا ہے تو کل سابق وزیرخزانہ کی شکل دیکھ لیتے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ گلگت بلتستان حکومت نئی روایات قائم کرے گی، کوئی وزیراعظم ایسا نہیں جس نے مجھ سے زیادہ اس علاقے کو دیکھا ہو، یہاں کے تمام مسائل کو جانتا ہوں، جس رخ پر گلگت بلتستان کو ڈالیں گے عوام کی زندگی بدل جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ صوبائی اسٹیٹس پر فوری کام کریں گے تاکہ احساس محرومی دور کی جائے، نئے سیٹ اپ پر تفصیل سے کام ہوگا،کمیٹی بٹھائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پراجیکٹس کا یہاں کی عوام خود فیصلہ کریں گے، گلگت بلتستان میں احساس پروگرام لے کر آ رہے ہیں، فی خاندان 10لاکھ روپے تک علاج کرایا جا سکے گا ، گلگت بلتستان میں سیاحت کو ترقی اور سیاحت کے فروغ کیلئے سستے قرضے دیں گے۔
اس سے پہلے گلگت بلتستان کی نومنتخب کابینہ نے حلف اٹھایا ۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے کابینہ کے ارکان سے حلف لیا ۔ وزیراعظم عمران خان بھی حلف برداری کی تقریب میں شریک تھے ۔ حلف اٹھانے والوں میں دو سینئر وزراء سمیت بارہ ارکان شامل ہیں۔
Comments are closed.