سیاسی اناڑیوں کی ڈرائیونگ سےحادثات ہونگے، شہباز نے اچھی بات کی،شیخ رشید
اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام ) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ شہباز شریف ڈائیلاگ چاہتے ہیں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے قومی سطح پر مذاکرات کی اچھی بات کی ہے.
شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس میں کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بیانیہ واضح طور پر مختلف ہے ، شہباز شریف کا بیانیہ مثبت ہے ، اداروں کے خلاف بیانیہ دینے والوں کی سیاست تاریک ہو جائے گی.
انھوں نے کہاپاکستان کو سرحد پار سے کوئی خطرہ نہیں، اندرونی خطرہ ہے ، کیوں کہ عالمی سازش ہے کہ پاکستان میں اندر سے انتشار پھیلا یاجائے، جو اندر سے انتشار پھیلاناچاہتے ہیں ان سے کہتا ہوں یہ حالات مناسب نہیں ہیں.
شیخ رشید احمد نے کہا مولانا فضل الرحمان نے لاٹھی کا جواب لاٹھی سے دینے کی بات کی ہے ، مولانا فضل الرحمان سے کہتا ہوں کہ لاٹھی کی بات نہیں، قانون کی بالادستی کی بات ہے ، بند گلی میں داخل نہ ہوں،سیاسی اناڑی ڈرائیونگ کریں گے تو حادثات ہوں گے.
مولانا فضل الرحمان کو نہیں معلوم کہ نتیجہ کیسے اور کیا نکلےگا، اگر سمجھتے ہیں کہ جلسوں سےعمران خان جارہاہے تویہ غلط ہے عمران خان اپنے پانچ سال پورے گا.
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو پی ڈی ایم کے پشاور جلسہ سے کورونا ہوا کیونکہ کورونا وائرس کسی بھی لیڈر یا چھوٹے بڑے کو نہیں دیکھتا ہے.
وفاقی حکومت عوام کو کورونا سے بچانا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن لوگوں کو مسلسل عالمی وباء میں جھونک رہی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے کیے گئے پشاور اور گوجرنوالہ جلسوں کے بعد سے کورونا مریضوں میں اضافہ ہوگیا.
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنے پانچ سال پورے کریں گے ، ذمہ داری سے کہہ سکتا ہوں جلسوں سے عمران خان نہیں جانے والے، یہ لاٹھی نہیں قانون کی عملداری ہے.
Comments are closed.