بیرون ممالک سے پاکستان آنے والوں کو کورونا رپورٹ ساتھ لانے کی ہدایت
اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان میں گذشتہ چار ماہ کے دوران کورونا سے ایک ہی دن میں سب سے زیادہ اموات 42 افراد انتقال کر گئے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کیسز میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔جب کہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے۔گذشتہ ایک دن میں 42 افراد اس وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن گئے۔
اس سے پہلے 17 جولائی کو ایک روز میں 49 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ملک بھر میں اس وبا سے 7603 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ روز ملک بھر میں کورونا کے 42 ہزار 752 ٹیسٹ کیے گئے۔
پنجاب میں 16275 ، سندھ میں 12975، خیبرپختونخوا میں 4615، اسلام آباد میں 7052, بلوچستان میں 664، گلگت بلتستان میں 302 جب کہ آزاد جموں کشمیر میں 896 ٹیسٹ کیے گئے۔
24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 843 نئے کیسز سامنے آئے۔اس طرح دن میں کیے گئے ٹیسٹوں میں کورونا مثبت آنے کی شرح 6.6 فیصد رہی۔دوسری جانب بین الاقوامی پروازوں اور مسافروں کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نئے کورونا ایس او پیز جاری کردئیے۔
ترکی سمیت دیگر کچھ ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہمراہ پی سی آر کورونا ٹیسٹ رپورٹ لائے، ورنہ انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملے گی۔
بتایا گیا ہے کہ سی کیٹیگری میں شامل ممالک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے کورونا کے دو ٹیسٹ ہوں گے، کیٹیگری بی ممالک کے مسافروں کو پاکستان آنے سے 96 گھنٹے پہلے ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا.
کیٹیگری اے ممالک کے مسافروں سمیت 12 سال سے کم عمر، خصوصی افراد اور خصوصی وفود کورونا ٹیسٹ سے مستثنیٰ ہوں گے۔ جاری کردہ مزید ایس او پیز کے تحت پاکستان آنے والے جہاز میں جراثیم کش اسپرے کرنا لازمی ہوگا.
جہاز میں احتیاطی تدابیر کے تحت ایک سیٹ چھوڑنا ہوگی ، دوران پرواز عملے اور مسافروں کو ماسک پہننا ہوگا۔سول ایوری ایشن اتھارٹی نے کووڈ 19 کے باعث بین الاقومی مسافروں کے نجی طیاروں کے ذریعے سفر کرنے کیلئے پروازیں چارٹر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
Comments are closed.